فرانسیسی سفیر کو فی الفور ملک بدر کیاجائے،متحدہ علماء محاذ

قادیانیوں کو آئین پر عمل داری کا پابند کیاجائے،مولانا محمد امین انصاری

جمعہ 22 جنوری 2021 22:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) متحدہ علماء محاذ میں شامل مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ نے جمعہ کے اجتماعات میں مطالبہ کیاہے کہ فرانسیسی سفیر کو فی الفور ملک بدر کیاجائے۔ قادیانیوں کو آئین پر عمل داری کا پابند کیاجائے۔ سرکاری سطح پر قومی کانفرنس بلا کر اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہ کرنے کا دو ٹوک واضح اعلان کیاجائے۔

کشمیر و پاکستان لازم و ملزوم ہیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کرسکتی۔ مسلم حکمران فلسطین میں یہودی آبادکاری اور ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی جاری سازشوں کے خاتمے کے لئے مشترکہ ٹھوس اقدامات کریں۔ حکومت مہنگائی پر قابو اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار علماء مشائخ نے کراچی کی بیشتر مساجد میں فلسطین ،کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل و بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قراردادیں پیش کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

علماء نے کہا کہ غیر شرعی مغربی جمہوریت کے خاتمے اور اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے بلاامتیاز رنگ نسل و مسلک مشترکہ جدوجہد کرنی چاہئے۔پرامن اسلامی انقلاب پاکستان کا مقدرہے۔ اجتماعات سے خطیب پاکستان مولانا تنویرالحق تھانوی، مولانا پروفیسر حافظ محمد سلفی، مولانا محمدامین انصاری، مولانا انتظارالحق تھانوی، علامہ عبدالخالق فریدی، علامہ مرزایوسف حسین، علامہ علی کرارنقوی، علامہ روشن دین الرشیدی، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی،علامہ شاہدین اشرفی، مفتی محمد بخاری ودیگر نے خطاب کیا۔