رواں ہفتے مہنگائی میں اضافہ، 19 سے زائد اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں

مہنگائی میں 0.32 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مرغی، گھی، تیل، دال مونگ، پیاز، گڑ ، بیف سمیت متعدد اشیا مہنگی ہوئیں، ادارہ شماریات

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 22 جنوری 2021 19:41

رواں ہفتے مہنگائی میں اضافہ،  19 سے زائد اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 22 جنوری2021ء) رواں ہفتے مہنگائی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 19 سے زائد اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمارجاری کر دیے ہیں۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی میں 0.32 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ 24 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ کے مطابق زندہ مرغی کی قیمت میں فی کلو 8 روپے 44 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ پٹرول بھی فی لیٹر 3 روپے 23 پیسے مہنگا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے اضافہ ہوا ہے۔

ڈھائی کلو برانڈڈ گھی کی قیمتوں میں 20 روپے کا اضافہ ہوا، 5 لیٹر کھانے کا برانڈڈ تیل 35 روپے تک مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں جن دیگر اشیا کی قیمتیں بڑھیں ان میں دال مونگ، پیاز، ماچس، مسٹرڈ آئل، گڑ، مٹن، بیف شامل ہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی ہے، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 11 روپے 13 پیسے کی کمی ہوئی۔

فی درجن انڈے 13 روپے 40 پیسے کمی سے 154 روپے پر آ گئے، چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 24 پیسے کی کمی آئی، 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 روپے سستا ہوا۔ ایل پی جی گھریلو سلنڈر، آلو، لہسن، جلانے کی لکڑی بھی سستی ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے آیا تھا۔ رواں ہفتے کے دوران بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مہنگائی کی ستائی عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرے، وزیراعظم کے بار بار نوٹس کے باوجود مہنگائی پر قابو نہیں پایا جا رہا ہے ۔