رمضان شریف سے قبل یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت

رمضان شریف تک مسلسل چیزوں کی مانیٹرنگ کی جائے، آئندہ چند ہفتوں میں اشیائے ضروریہ گھی کی قیمت میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، گندم چینی کی درآمد سے مارکیٹ میں استحکام آرہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 22 جنوری 2021 19:54

رمضان شریف سے قبل یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جنوری 2021ء) وزیراعظم عمران خان نے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ آئندہ چند ہفتوں میں اشیائے ضروریہ گھی کی قیمت میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، گندم اور چینی کی درآمد کے فیصلے سے مارکیٹ میں استحکام آرہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت گندم چینی اوراشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور دستیابی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اجلاس کو گندم جاری کرنے کے اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم کو گندم چینی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کو وزیرخزانہ نے بریفنگ میں بتایا کہ آئندہ چند ہفتوں میں گھی کی قیمت میں کمی آنا شروع ہوجائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف اشیا کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کردیا گیا ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورزپرمختلف اشیاء کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کردیا گیا ، 100 گرام مرچ پاوڈر 50 روپے مہنگا، مشروبات کی بوتلیں 30 روپے تک مہنگی کردی گئی ہیں۔ مصالحہ جات 40 روپے، اچار60 روپے، شیمپو11 روپے اور صابن کی قیمت بھی بڑھا دی گئیں۔ قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کا اطلاق فوری ہوگا۔ اسی طرح پاکستان شماریات بیورو نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمارکے مطابق رواں ہفتے مہنگائی میں 0.32 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایک ہفتے میں 19 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آٹھ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 24 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ایک ہفتے میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 44 پیسے کا اضافہ ہوا، پیٹرول فی لیٹر 3 روپے 23 پیسے ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 97 پیسے مہنگا ہوا، برانڈڈ اڑھائی کلو گھی کی قیمتوں میں 20 روپے کا اضافہ ہوا، 5 لیٹر برانڈڈ کھانے کا تیل 35 روپے تک مہنگا ہوا۔

اسی طرح ایک ہفتے میں دال مونگ، پیاز، ماچس، مسٹرڈ آئل، گڑ، مٹن اور بیف کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 11 روپے 13 پیسے کی کمی آئی۔ انڈے فی درجن 13 روپے 40 پیسے کمی کے ساتھ 154 روپے تک پہنچ گئے ہیں، چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 24 پیسے کی کمی آئی، 20 کلو آٹے کا تھیلا صرف 2 روپے تک سستا ہوا، گزشتہ ہفتے میں آلو، ایل پی جی، لہسن اور جلانے کی لکڑی سستی ہوئی۔