وفاقی حکومت کی وجہ سے ملک میں کاروبار اور صنعتیں بند ہیں، جدید دور میں بھی سندھ کی عوام لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہیں،شاہدہ رحمانی

پاکستان کی عوام وفاقی حکومت اور عمران خان سے شدید بیزار ہوچکے ہیں،سندھ میں گیس بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، رہنما پاکستان پیپلز پارٹی

پیر 25 جنوری 2021 16:03

وفاقی حکومت کی وجہ سے ملک میں کاروبار اور صنعتیں بند ہیں، جدید دور میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کراچی ڈویژن کی صدرو رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں کاروبار ، سرمایہ کاری اور صنعتیں بند ہیں، عوام کور یلیف دینے کا کوئی معاشی ایجنڈا نہیں ہے حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے پوری قوم پریشان ہے، وفاقی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے تحریک انصاف کی حکومت سے عوام شدید بیزار ہوچکے ہیں ، ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کراچی ڈویژن کی انفارمیشن سیکرٹری مسرت نیازی و دیگر خواتین سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، شاہدہ رحمانی نے کہا کہ عمران خان کے جھوٹے وعدوں کی قلعی کھل کر سامنے آگئی ہے ان کے کرتوتوں کی وجہ سے پورے ملک پر مایوسی کے بادل منڈلا رہے ہیں ، اس وقت سندھ کے گھریلو، صنعتی صارفین اور ٹرانسپورٹر گیس بحران کا سامنا کر رہے ہیں اور صوبہ سندھ میں اس وقت گیس ناپید ہوچکی ہے، نااہل حکمرانوں کی ناقص حکمت عملیوں اور پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی عوام جدید دور میں بھی لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہیں، ملاقات کے دوران مسرت نیازی نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں کا ایک کروڑ نوکریاں دینے اور پچاس لاکھ گھر وں کی فراہمی کا وعدہ خام خیالی کے سوا کچھ نہیں ، وفاقی حکومت چور راستوںسے آئی ہے اور چور راستوں سے ہمیشہ نا اہل لوگ ہی آتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے اور گزشتہ تیرہ سالوں سے پیپلز پارٹی سندھ میں حکومت کر رہی ہے جو کہ سندھ کی عوام کا پیپلز پارٹی پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی جانب دیکھ رہے ہیں کیونکہ وہ عوام جانتی ہے کہ بلاول بھٹو ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے ، ملک کے آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو ہوںگے اور دنیا دیکھے گی کہ پاکستان کتنی تیزی سے ترقی کی منازل طے کرتا ہے۔