دانش کنیریا نے 11 سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کی کوششوں کا آغاز کردیا

کرکٹ ہی میرا سب کچھ ہے ، کوئی دوسرا روزگار نہیں :سابق لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 25 جنوری 2021 15:51

دانش کنیریا نے 11 سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کی کوششوں کا آغاز کردیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 جنوری 2021ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا نے ڈومسیٹک کرکٹ، ٹی ٹونٹی لیگز اور قومی کرکٹ ٹیم میں 11 سال بعد ایک مرتبہ پھر واپس آنے کی کوشش شروع کردی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں فوری سماعت کیلئے پی سی بی بحالی پروگرام میں شمولیت سے متعلق 40 سالہ دانش کنیریا کی درخواست پر سماعت ہوئی، دانش کنیریا کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ پی سی بی کی طرف سے سپنر پرکوئی پابندی نہیں، ہم پی سی بی کی مدد چاہتے ہیں، دانش کنیریا غلطیوں پر معافی چاہتے ہیں ،اسی طرح دیگر کھلاڑیوں کو بھی واپسی کی اجازت ملی ہے۔

سابق لیگ سپنرکی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پی سی بی انکا مؤقف آئی سی سی میں پیش کرے، وہ ڈومیسٹک اور قومی کرکٹ کھیلنے کے خواہاں ہیں، پی سی بی کو ڈومیسٹک کرکٹ اور بالخصوص کرکٹ کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے، وہ غیر ملکی لیگ کا حصہ بننا چاہتے ہیں ،انکا نام فائنل بھی ہوچکا لیکن خدشہ ہے کہ ای سی بی کی جانب سے عائد پابندی کے باعث انہیں کھلایا نہیں جائیگا، پی سی بی بحالی پروگرام کا حصہ بنایا جائے، کرکٹ ہی میرا سب کچھ ہے، میرا کوئی دوسرا روزگار نہیں، کرپشن کرنے والے دیگر کھلاڑیوں کو بحالی پروگرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے، دیگر کو دوسرا موقع دیا گیا اور انہیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ ہائیکورٹ نے دانش کنیریا کی پی سی بی بحالی پروگرام میں شامل ہونے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 جنوی تک ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ دانش کنیریا نے 2000ء میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جب کہ 2001ء میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے اپنا آخری میچ 2010ء میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔ کنیریا نے مجموعی طور پر 61 ٹیسٹ میچز اور 18 ون ڈے میچز کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 261 وکٹیں حاصل کی تھیں۔