براڈ شیٹ کے معاملے پر کسی کو نہیں چھوڑوں گا ، عمران خان

کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کروں گا ، کرپشن کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا ، وزیر اعظم کا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 جنوری 2021 15:52

براڈ شیٹ کے معاملے پر کسی کو نہیں چھوڑوں گا ، عمران خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کے معاملے پر کسی کو نہیں چھوڑوں گا ، کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کروں گا ، کرپشن کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ براڈ شیٹ کا معاملہ بہت سنجیدہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کی منظوری دے دی ، انکوائری کمیشن کی سربراہی جسٹس عظمت سعید شیخ ہی کریں گے ، انکوائری کمیشن براڈ شیٹ کے معاملے کی جامع تحقیقات کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی ، معاشی اور اقتصادی صورتحال سمیت براڈ شیٹ کیس میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور وفاقی کابینہ نے براڈ شیٹ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ انکوائری کمیشن ان اہم لوگوں کے وہ کیس بھی کھولے گا ، جو کسی بھی مصلحت کے تحت بند کیے گئے ، اس سلسلے میں راؤسکندر اقبال ، آفتاب احمد شیر پاؤ جیسے بڑے ناموں کے کیس ایک بار پھر کھولے جائیں گے۔

کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، کرپشن کرنیوالوں کو بے نقاب کیا جائے گا ، براڈشیٹ کے معاملے پر کسی کو نہیں چھوڑوں گا، براڈشیٹ کا معاملہ بہت سنجیدہ ہے، مکمل انکوائری ہوگی۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن نے براڈ شیٹ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے جسٹس(ر) عظمت سعید کی تقرری مسترد کردی ، ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان سے تحقیقات کرانا انصاف کا قتل ہے جن کی اپنی تحقیقات ہونی چاہیے، مشرف دور میں نواز شریف کیخلاف مقدمات میں عامر عزیز کے ساتھ عظمت سعید بھی شامل رہے، منتخب وزیراعظم کیخلاف جے آئی ٹی کے ہیرے تلاش کرنے کو کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے؟ ۔

مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ براڈ شیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے جسٹس(ر) عظمت سعید کی تقرری مسترد کرتے ہیں ، جن سے تحقیقات ہونی چاہیے، انہیں سے تحقیقات کرانا انصاف کا قتل ہے ،عمران صاحب ہمت کرکے قوم کو سیدھا بتائیں کہ آپ کو این آراو چاہیے ، دوسرے لفظوں میں کسی بھی شخص کو اپنے یا جن سے اس کا تعلق یا اختلاف ہو ، مشرف دور میں نیب میں نواز شریف کیخلاف مقدمات بنانے میں اسٹیٹ بنک کے عامرعزیز بھی عظمت سعید کے ساتھ شامل رہے۔