حکومت کا اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دلوانے کیلئے ترمیم لانے کا اعلان

آئین کے تحت سنگل ٹرانسفرایبل ووٹ کی جگہ اوپن ووٹ کا لفظ استعمال کررہے ہیں، قانون میں ترمیم کا بل اگلے ہفتے پیش کیا جائے گا، بابر اعوان

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 28 جنوری 2021 21:23

حکومت کا اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دلوانے کیلئے ترمیم ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 28 جنوری 2021ء) وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دلوانے کیلئےقانون میں ترمیم کا بل لانے کا اعلان کردیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے اعلان کیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دلوائیں گے ۔ اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ آئین کے تحت سنگل ٹرانسفرایبل ووٹ کی جگہ اوپن ووٹ کا لفظ استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق قانون میں ترمیم کا بل اگلے ہفتے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دلوائیں گے، جس کیلئے آرٹیکل 63 ون سی میں ترمیم کررہے ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کو اسمبلی میں لانے کا سب وعدہ کرتے ہیں، دوہری شہریت والا امیدوار الیکشن جیتا تو دوسری شہریت چھوڑنا ہوگی، جس کے شواہد بھی دینے ہوں گے، ہارنے والے سے دوہری شہریت چھڑوانا اس کا دوہرا نقصان ہے، آرٹیکل 226 وزیراعظم سمیت دیگر عہدوں کیلئے اوپن الیکشن کی اجازت دیتا ہے، جس میں سینیٹ کا لفظ بھی شامل کردیا ہے، قانون میں ترامیم کا بِل اگلے ہفتے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے بات چیت کیلئے پارلیمانی پارٹی کا حصہ ہوں، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ اپوزیشن سے پارلیمنٹ میں ہی بات ہوگی، سیاسی جماعتیں اکھٹی ہوگئی تو ٹھیک ورنہ حکومتی جماعتیں اکٹھے الیکشن لڑیں گی۔ شبلی فراز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کوشش کررہے ہيں کہ سينيٹ اليکشن آزاد اور شفاف ہوں، اپوزیشن کے پاس موقع ہے کہ اس مقصد کا کامیاب بنائیں، پچھلے سينيٹ اليکشن ميں تحريک انصاف نے ووٹ کا غلط استعمال کرنے کے شبہے پر 20 ایم پی ایز کو پارٹی سے نکال ديا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ الیکشن ہمیشہ ووٹوں کی خرید و فروخت کے باعث متنازع رہے ہیں۔