ہزاروں ڈالر کی بیمہ پالیسی خوبصورت بیوی کی موت کا سبب بن گئی

شوہر نے حاملہ بیوی کو پہاڑ کی بلندی سے دھکا دے دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 18 فروری 2021 05:09

ہزاروں ڈالر کی بیمہ پالیسی خوبصورت بیوی کی موت کا سبب بن گئی
استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 فروری2021ء) گزشتہ دنوں ایک خبر میڈیا میں وائرل ہوئی تھی کہ بیٹوں نے بیمہ کی رقم ہضم کرنے کے لیے زندہ ماں کو مردہ قرار دے ڈالا مگر جلد ہی ان کے جھوٹ کا پول کھل گیااور انہیں جیل یاترا کرنی پڑ گئی مگر ابھی ایک خبر سامنے آئی ہے جس میں شوہر نے بیمہ کی رقم ہتھیانے کے لیے اپنی بیوی کو حقیقت میں ہی مار دیا۔

تفصیلات کے مطابق ترکی کے شہر فتحیہ میں پونے 3 برس پہلے ہونے والی ایک حاملہ خاتون کی ہلاکت کا ذمہ دار اس کا شوہر نکلا جس نے مبینہ طور پر سیلفی بنانے کے بہانے پہاڑی کی چوٹی پر جا کر اپنی بیوی کو نیچے گرا دیا تھا جس کے باعث اس کی جان چلی گئی تھی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 40 سالہ ترک شہری ہاکان ایسال کو اپنی 32 سالہ بیوی سیمرا ایسال کے خلاف اقدام قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہاکان نے اس حرکت کا ارتکاب جون 2018 میں صوبہ موغلا میں واقع ایک وادی کی سیر کے دوران کیا۔استغاثہ نے ہاکان پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اپنی بیوی کو پہاڑی کے کنارے سے دھکا دے دیا تھا جس کا فاصلہ زمین سے ایک ہزار فٹ کے قریب ہے۔ اس مجرمانہ کارروائی کا مقصد اپنی بیوی کی موت کے بعد بیمہ کی رقم کا حصول تھا۔ واقعے میں ہاکان کی حاملہ بیوی اور اس کے بطن میں موجود 7 ماہ کا بچہ موت کا شکار ہو گئے۔

استغاثہ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ شوہر اپنی بیوی کو لے کر 3 گھنٹے تک پہاڑ کی چوٹی پر بیٹھا رہا جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ ان کے اطراف کوئی فرد موجود نہ ہو۔شوہر کے خلاف تیار کی گئی الزامات کی فہرست میں کہا گیا ہے کہ اس نے یہ منصوبہ بیمہ کمپنی سے رقم حاصل کرنے کے لیے تیار کیا جس کی مالیت تقریباً 45ہزار برطانوی پاؤنڈ تھی۔مگر اب اس مجرم شوہر کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے ا ور جلد ہی اپنی بیوی اور بچے کے قتل کی سزا بھگتے گا۔

متعلقہ عنوان :