بھائی سو رہے تھے تو ماما نے کمرے میں آگ لگا دی

مانگا منڈی میں ماں کے ہاتھوں دو کم سن بچوں کے قتل کا معاملہ، زندہ بچ جانے والے بچے نے پولیس کو بیان ریکارڈ کروا دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 23 فروری 2021 14:41

بھائی سو رہے تھے تو ماما نے کمرے میں آگ لگا دی
مانگا منڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 فروری 2021ء) مانگا منڈی کے علاقے میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سگی ماں نے اپنے دو کم سن بچوں کو قتل کر کے گھر کو آگ لگا دی ۔ مانگا منڈی کے علاقے میں تنزیلہ نامی خاتون نے اپنے دو کم سن بچوں تین سالہ عبدالرحمان اور چار سالہ فیضان کو قتل کر ے خود کو بچانے کیلئے آتشزدگی کا ڈرامہ رچایا اور گھر کو آگ لگا دی ۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ان کے آنے سے پہلے بچے جاں بحق ہوچکے تھے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانز ک کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کاآغاز کردیا ۔پولیس کے مطابق اہل محلہ سے تحقیقات کی تو اہل محلہ کا کہنا تھا معاشی تنگدستی کے باعث میاں بیوی میں لڑائی جھگڑا رہتا تھااور خاتون بہت جذباتی تھی بات بات پر لڑائی کرتی تھی ۔

(جاری ہے)

پولیس نے بچوں کی والدہ اور باپ کو تحویل میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکھٹے کر لیے تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ گھر سے پٹرول کی بو آ رہی تھی جس کے باعث شک گزرا،ملزمہ سے تفتیش کی تو ابتدائی میں اس نے متضاد بیانات دئیے تاہم بعد میں جرم کا اعتراف کر لیا۔جب کہ اس وا قعے میں زندہ بچ جانے والے بچے نے بھی اپنا بیان پولیس کو ریکارڈ کروا دیا ہے۔

بچے نے بیان دیا کہ ماں نے کمرے میں آگ لگائی۔اذان نامی بچے نے کہا کہ بھائی سو رہے تو ماما نے آگ لگا دی۔میں بھائی کے ساتھ لیٹا ہوا تھا پھر باہر بھاگ گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ معصوم بچے کا بیان حقائق کو سامنے لانے میں معاون ثابت ہوا۔ واضح رہے کہ آگ کے واقعات کی شرخ میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے کئی بچے یتیم تو کئی ماؤں کی گود اجڑ چکی ہے۔مانگا منڈی میں پیش آنے والے واقعے میں پہلے بتایا گیا کہ مانگا منڈی کے علاقہ میں گھر میں آگ لگنے سے 2 بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے تاہم تفتیش کے بعد حقائق سامنے آئے۔