ریڈیو کویت اردو سروس کی جانب سے کویت کے یوم آزادی اور یوم تحریر کی مناسبت سے خصوصی ٹرانسمیشن کا اہتمام

کویت کے60 ویں قومی دن اور 30ویں یوم تحریر کی مناسبت سے ریڈیو کویت اردو سروس کی جانب سے خصوصی پروگرام آپ کی محفل کا انعقاد رنگا رنگ انداز میں کیا گیا

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 23 فروری 2021 16:04

ریڈیو کویت اردو سروس کی جانب سے کویت کے یوم آزادی اور یوم تحریر کی ..
کویت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 فروری2021ء،محمد عرفان شفیق) کویت کے60 ویں قومی دن اور 30ویں یوم تحریر کی مناسبت سے ریڈیو کویت اردو سروس کی جانب سے خصوصی پروگرام آپ کی محفل کا انعقاد رنگا رنگ انداز میں کیا گیا۔ اس موقع پر ایک خصوصی ٹرانسمیشن نشر کی گئی جس میں کویت میں موجود پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کے سفراء نے کویت کے جشن آزادی کی مناسبت سے اپنی آراء کا اظہار کیا۔



کویت میں پاکستان کے سفیر سید سجاد حیدر، بھارت کے سفیر سبی جارج اور بنگلہ دیش کے سفیر میجر جنرل محمد عاشق الزماں نے اپنی اپنی حکومتوں اور عوام کی جانب سے امیر کویت، حکومت کویت اور کویتی عوام کو جشن آزادی اور یوم تحریر کی مبارکباد پیش کی۔ سفراء کرام نے اپنے پیغامات میں حکومت کویت اور تمام محکموں کی کارکردگی کو سراہا جنہوں نے موثر انداز سے کرونا وباء میں تمام شہریوں اور غیر ملکیوں کا خیال رکھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے پیغامات میں اپنے شہریوں کو تلقین کی کہ تمام غیر ملکی تارکین وطن حکومت کویت اور محکمہ صحت کے اصولوں کی مکمل طور پر پابندی کریں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔

اسکے علاوہ کمیونٹی کی دیگر شخصیات نے بھی اس خصوصی ٹرانسمیشن میں حصہ لیا اور حکومت کویت اور کویت کے شہریوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

اس خصوصی ٹرانسمیشن کو ریڈیو کویت اردو سروس کی میزبان نِدا مرزا اور رضیہ اشرف نے پیش کیا جبکہ ابوبکر پایولی نےکوآرڈینیٹراور انیس بکر نے ساونڈ انجینیئر کے فرائض انجام دیے۔ یہ پروگرام شیجون الصباح (ڈائریکٹر پروگرام، فارن سروسز) اور شیجون المرشد (سپروائزر فارن سروسز) کی زیرسرپرستی نشر کیا گیا۔ آخر میں دعائیہ کلمات اور ملک کویت کی ترقی اور خوشحالی کی دعا کے ساتھ اس رنگا رنگ پروگرام کا اختتام ہوا۔