نیب کا نجی لیب سے کورونا ویکسین خریدنے کا ریکارڈ طلب کرنے کا فیصلہ

ویکسین20 ڈالر میں خرید کر 125 ڈالر میں فروخت کرنے پر ریکارڈ طلب کیا گیا، پورٹ

منگل 23 فروری 2021 21:44

نیب کا نجی لیب سے کورونا ویکسین خریدنے کا ریکارڈ طلب کرنے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2021ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے روس سے کورونا ویکسین کی خریداری اور 100 ڈالر سے زائد (فی کس) اس کی قیمت وصول کرنے کے منصوبے کے بارے میں نجی لیبارٹری سے ریکارڈ طلب کر لیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب لاہور نے اس شکایت کی تحقیقات کا آغاز کیا ہے کہ نجی لیبارٹری روس سے خریداری کے بعد کووڈ 19 ویکسین کے لیے ہر شخص سے 100 ڈالر سے زیادہ منافع وصول کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ا سرکاری ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ 'نیب روس سے 20 ڈالر (دو خوراکوں) پر کورونا ویکسین کی خریداری اور اس کے فی شخص 125 ڈالر وصول کرنے کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں لیبارٹری سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'روسی سوویرین ویلتھ فنڈ جس نے سپٹنک کووڈ ویکسین تیار کرنے میں سرمایہ کاری کی ہے، نے کہا ہے کہ وہ اسے فی خوراک 10 ڈالر (دو خوراکوں کے لیے 20 ڈالر) میں فروخت کریں گے جبکہ لیبارٹری (یہاں) دو خوراکوں پر 20 ہزار روپے (125 ڈالر) میں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور حکومت کو ضرورت سے زیادہ منافع کمانے یا عوام کو پہنچنے والے نقصان کی جانچ نیب آرڈیننس کے سیکشن 33 سی اور 27 کے مطابق کی جانی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیورو یہ دیکھے گا کہ کس کو کتنا فائدہ ملے گا اور کتنے لاکھ خوراکیں خریدی جائیں گی اور فروخت ہوں گی۔حکومت نے نجی کمپنیوں کو کورونا وائرس کی ویکسینز درآمد کرنے کی اجازت دی ہے اور مبینہ طور پر اس طرح کی درآمد کو پرائز کیپس سے مستثنیٰ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان ابھی تک کسی بھی کمپنی سے ویکسین کی بڑی مقدار محفوظ نہیں کرسکا ہے اور رواں ماہ اس نے چین کی جانب سے عطیہ کردہ سائنوفارم ویکسین کی 5 لاکھ خوراکوں کے ساتھ ایک ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا تھا۔ان ویکسین کو پہلے ترجیحی بنیادوں پر فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو دیا جارہا ہے۔نجی لیبارٹری کے ایک عہدیدار سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ اس معاملے سے آگاہ نہیں ہیں۔