وزیراعظم نے نئی جمہوری روایات کی بنیاد رکھ دی ہے،سینیٹر شبلی فراز

عمران خان نے بغیر کسی دبائوکے ذاتی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ وہ 6مارچ کو ایوان سے دوبارہ اعتماد کا ووٹ لیں گے،طے ہوچکا ہے کہ جمہوری اقدار ہی چلیں گی، دھونس،دھاندلی، لوٹ مار کی سیاست سے ملک نہیں چل سکتا،وزیر اطلاعات کی گفتگو

جمعرات 4 مارچ 2021 23:28

وزیراعظم نے نئی جمہوری روایات کی بنیاد رکھ دی ہے،سینیٹر شبلی فراز
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے نئی جمہوری روایات کی بنیاد رکھ دی ہے،عمران خان نے بغیر کسی دبائوکے ذاتی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ وہ 6مارچ کو ایوان سے دوبارہ اعتماد کا ووٹ لیں گے،اپوزیشن تو اس بات پر بھی پریشان ہیں کہ وزیراعظم کیوں اعتماد کا ووٹ لے رہے ہیں ،اب یہ طے ہوچکا ہے کہ جمہوری اقدار ہی چلیں گی، دھونس،دھاندلی، لوٹ مار کی سیاست سے ملک نہیں چل سکتا ۔

جمعرتا کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ کے لئے امیدوار نامزد کیا ہے،بنیادی وجہ ان کا صوبہ بلوچستان سے تعلق ہونا ہے تاکہ بلوچستان کو نمائندگی ملے اور اس کے ساتھ ساتھ ان کی گذشتہ تین سالہ کارکردگی دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 6مارچ کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں عمران خان دوبارہ اعتماد کا ووٹ لیں گے، ایوان میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے تمام اراکین موجود ہوں گے، پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ وزیراعظم اخلاقی بنیادوں پر دوبارہ اعتماد کا ووٹ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں یہ نئی جمہوری روایت قائم کر دی ہے، تمام مہذب ممالک جہاں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہیں وہاں اخلاقیات کی ایسی مثالیں موجود ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد پارٹی اور عمران خان واحد لیڈر ہیں جنہوں نے ہارس ٹریڈنگ پر 2018 میں اپنی پارٹی کے 20ممبران کو نکال دیا تھا، باقی سیاسی جماعتوں میں تو اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ وہ کارروائی کرتے، پی ٹی آئی کے پی کے، بلوچستان، پنجاب اور سندھ میں اپنی متناسب نمائندگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی صرف ایک اسلام آباد کی نشست پر کامیابی نہیں ہوسکی ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں واحد جماعت ہے جو احتساب کا عمل لانا چاہتی ہے،حکومت میں آنے سے پہلے بھی ہمارا یہ ہی موقف تھا اور آج اس موقف پر عمل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تمام لوگوں کا پتہ ہے کہ کون ماضی میں کیا کیا کرتے رہے ہیں ، 2018کے الیکشن میں پاکستان کے عوام نے تمام کرپٹ،لوٹ مار کرنے والی جماعتوں کو مستردکرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو واضح مینڈیٹ دیا ہے، یہ قوتیں کل بھی رسوا ہوئیں آئندہ بھی رسوا ہوتیں رہیں گی ۔