مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز اور بلاول بھٹو کی ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آ گئی

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں رانا ثناء اللہ نے ایک نئی پیش کش رکھ دی اور بتایا کہ پی ٹی آئی کے 23 ایم این ایز نے پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہے اور کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں آئی تو پی ڈی ایم کا ساتھ دیں گے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 7 مارچ 2021 19:22

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز اور بلاول بھٹو کی ملاقات، اندرونی کہانی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مارچ 2021ء) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز اور بلاول بھٹو کی ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے ایک نئی پیش کش رکھ دی اور بتایا کہ پی ٹی آئی کے 23 ایم این ایز نے پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔ رانا ثنااللہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے اراکین کی جانب سے وعدہ کیا گیا کہ تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں آئی تو پی ڈی ایم کا ساتھ دیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو اور حمزہ شہباز کی ملاقات کے دوران پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی پر بھی بات کی گئی اور سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے بھی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سینیٹ الیکشن کی طرح سینیٹ کے چیئرمین کا الیکشن بھی جیت جائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی پیش کش سن کر بلاول بھٹو نے پوچھا کہ ایم این ایز کا تعلق کس صوبے سے ہے، رانا ثنا نے بتایا کہ سب کا تعلق پنجاب سے ہے، پیش کش کی حمزہ شہباز نے بھی تصدیق کی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت تحریک عدم اعتماد کا فائدہ نہیں ہے۔حمزہ شہباز کے رائے پر بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومتی ایم این ایز ساتھ ہیں تو تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں لائی جاسکتی ہے، 26 مارچ کے بعد ایک جامع حکمت عملی مل کر بنائیں گے۔خیال رہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے ووٹ کے لیے پرویز الٰہی کے گھر جاؤں گا جبکہ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی سے ووٹ کے لیے میں بھی رابطے میں ہوں۔