پی ڈی ایم پلان بناتی رہ جائے گی اورحکومتی آئینی مدت پوری ہوجائے گی ‘چوہدری سرور

پارلیمنٹ کے اندر اورباہر اپوزیشن کے عزائم جمہوریت کو کمزور کر نے کی سازش ہے ‘ گورنرپنجاب

پیر 8 مارچ 2021 19:51

پی ڈی ایم پلان بناتی رہ جائے گی اورحکومتی آئینی مدت پوری ہوجائے گی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم پلان بناتی رہ جائے گی اورحکومتی آئینی مدت پوری ہوجائے گی ، پارلیمنٹ کے اندر اورباہر اپوزیشن کے عزائم جمہوریت کو کمزور کر نے کی سازش ہے جن کو اتحادیوں اور عوام کے ساتھ مل کر ناکام بنائیں گے ،ہم ملک اور اداروں کو مضبوط بنانے کی پالیسی پر گامز ن ہیں ۔

گورنر ہائوس لاہور میں محمد آصف رفیقی کی کتاب ’’سہالہ یاترا‘‘کی تقر یب رونمائی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمدسرور نے کہا کہ جب سے تحر یک انصاف اقتدار میں آئی ہے اپوزیشن جماعتیں آئے روز کوئی نیا پلان بنا رہی ہے مگر 22کروڑ پاکستانی دیکھ رہے ہیں کہ اپوزیشن جماعتوں کی سیاست کا مقصد صرف اور صرف ذاتی اور سیاسی مفادات کا تحفظ اور ملک میں عدم استحکام پیدا کر نا ہے جو کسی بھی صورت ملک وقوم کے مفادمیں نہیں ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئی ہے اور اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ لانگ مارچ اور احتجاج کی دھمکیوں کی بجائے پار لیمنٹ میں اپنا جمہوری کردار ادا کر ے لیکن اگر اپوزیشن یہ سمجھتی ہے کہ وہ انتشار اور فساد کی سیاست کر کے حکومت کو ختم کر نے میں کامیاب ہوجائے گی توان کا یہ خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ عمران خان پہلے سے زیادہ مضبوط وزیر اعظم بن کر سامنے آئے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک سے غر بت اور مہنگائی جیسے مسائل کے خاتمے کیلئے’’کوئی بھوکا نہ سوئے ‘‘سمیت دیگر پروگرام شروع کیے جارہے ہیں اور انشاء اللہ آنے والے دنوں میں غر بت اور مہنگائی جیسے مسائل میں قوم کو واضح کمی نظر آئے گی۔سیاحت کے فروغ کے حوالے سے گور نر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے خیبر پختونخواہ سمیت تمام صوبوں میںوفاقی حکومت کام کر رہی ہے اور نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں یہ بتایا ہے کہ لاہور سیاحوں کی دلچسپی کے حوالے سے دنیا کے ٹاپ52شہروں میں شامل ہوچکا ہے ۔

گورنر پنجاب نے روالپنڈی میں پولیس افسران کے ساتھ پیش آنیوالے دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں سے پاکستان میں امن برداشت نہیں ہورہا جس کے لیے وہ دہشت گردی کی کاروائیاں کر رہے ہیں مگر ہمارے سیکورٹی اداروں اور قوم کے حوصلے بلند ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔گور نر پنجاب چوہدری سرورنے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن کشمیر میں آزادی کی جنگ لڑنے والی خواتین کو کبھی نہیں بھول سکتے۔

اُنہوں نے کہا کہ کشمیر میں اپنی آزادی کی تحریک لرنے والی اب تک 22ہزار خواتین بیوہ ہوچکیں ہیںجن کی جرات اور بہادری پر جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے ۔ گورنر پنجاب چوہدری سرورنے کہا کہ الحمد للہ خواتین کو جو حقوق دین اسلام نے دیئے ہیں مغرب اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ خواتین کی مضبوطی کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں ہوسکتا ۔ گورنر نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔