وفاقی حکومت نے غریب افراد کو براہ راست سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا

عام آدمی کو مہنگائی میں ہر صورت ریلیف فراہم کیا جائے گا، پٹرولیم مصنوعات اوردیگر اشیاء پرعائد ٹیکس کا جائزہ لے کر مہنگائی کم کی جائے۔ وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائےضروریہ کی قیمتوں سے متعلق اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 8 مارچ 2021 21:38

وفاقی حکومت نے غریب افراد کو براہ راست سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مارچ2021ء) وفاقی حکومت نے غریب افراد کو براہ راست سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عام آدمی کو مہنگائی میں ہر صورت ریلیف فراہم کیا جائے گا، پٹرولیم مصنوعات اوردیگر اشیاء پرعائد ٹیکس کا جائزہ لے کر مہنگائی کم کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر،مخدوم خسرو بختیار، عبدالحفیظ شیخ، حماد اظہر، سید فخر امام، معاونین خصوصی ڈاکٹرعشرت حسین، معاونین خصوصی ندیم بابر،  وقار مسعود اور تابش گوہر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں کمی سے متعلق تجاویز پرغور کیا گیا۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے چینی کی پیداوار اور قیمتوں سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

گندم کی پیداوار، کھپت اور ضروریات کو پورا کرنے سمیت گندم اور آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ پٹرولیم مصنوعات اوردیگر اشیاء پرعائد ٹیکس کا جائزہ لیا جائے۔ گندم کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پیشگی انتظامات اور آٹے جیسی بنیادی خوراک کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی اشیاء کی مناسب قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ مستحق اور غریب افراد کو براہ راست سبسڈی دینے کا پروگرام تشکیل دیا جا رہا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی و پی ٹی آئی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اورچیئرمین سینیٹ الیکشن سے متعلق مشاورت کی گئی۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق ہمارے تحفظات درست ثابت ہوئے۔

ہم نے جس خدشے کا اظہار کیا تھا سینیٹ الیکشن میں وہی ہوا۔ اپوزیشن نے پیسہ چلایا اور وہ اسلام آباد کی سیٹ جیت گئے۔ گیلانی نے اخلاقیات کی دھجیاں اڑا دیں، قوم کو ان کے کردار اور حقائق سے آگاہ کریں۔ ماضی میں بھی یہ لوگ پیسے کے بل بوتے پر ایسا کرتے تھے۔ یہ پیسے سے پہلے پاور میں آتے ہیں پھر وہی پیسہ خرچ کرتے ہیں۔ سینیٹ الیکشن میں الیکشن کمیشن کا کردار متنازع رہا، سینیٹ الیکشن سے متعلق ہماری پٹیشنز کو کسی خاطر میں نہیں لایا گیا، سیاست میں پیسے اور کرپشن کا عملی مظاہرہ یوسف رضا گیلانی کے الیکشن میں دیکھ لیا، پیسا صرف اسلام آباد میں نہیں بلکہ خیبرپختونخواہ میں بھی پیسا چلا ۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کیلئے ہمارے سینیٹرز کو آفرز آنا شروع ہوگئی ہیں، مجھے پتا ہے کن سینیٹرز کو پیسے کی پیشکش کی جارہی ہے۔