اسلامی یونیورسٹی میں آئی آرڈی کی شائع کردہ کتاب ''پرائیویسی اینڈسرویلنس'' کی تقریب رونمائی

ہفتہ 20 مارچ 2021 00:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2021ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے اقبال بین الاقوامی ادارہ براے تحقیق و مکالمہ (آئی آرڈی) کی جانب سے ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی شائع کردہ کتاب ''پرائیویسی اینڈسرویلنس'' کی تقریب رونمائی جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوئی۔رونمائی کی تقریب میں کتاب کے مصنف سمیت جامعہ کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، نائب صدر جامعہ براے تدریسی امور ڈاکٹر ایاز افسر، معروف صحافی سلیم صافی، معروف قانون دان بیرسٹر ظفراللہ، جامعہ کے اساتذہ ڈاکٹر محمد اکرم، ڈاکٹر شیراز دستی اور آئی آرڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن الامین نے شرکت کی۔

اس کتاب کے مصنف ڈاکٹر اکبر ناصر خان پولیس گروپ کے سول افسر اور ایک برطانوی جامعہ سے پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر ہیں جبک وہ لاہور سیف سٹی پراجیکٹ کے روح رواں کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

کتاب پر تبصرہ کرتے ہوے شرکا نے کہا کہ اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ عوام الناس کو ان کے حقوق اور ان کے تحفظ کا علم ہو۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے معاشرے میں تحقیق و مکالمہ کو عام کرنے میں آئی آر ڈی کے کردار کو سراہا اور ایک اہم موضوع پر کتاب کی تصنیف پر مصنف کو مبارکباد دی۔

انہوں نے عصر حاضر میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور پرایئویسی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوے کتاب کو وقت کی ضرورت کے مطابق بہترین کاوش قرار دیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے ڈاکٹر ایاز افسر نے کتاب میں استعمال کی گئی تحقیق کی تکنیک اور مصنف کی انتھک محنت کی تعریف کی اور ان کے کامیاب تحقیقی کام کو ایک بہترین ادارے سے شائع ہونے پر مبارکباد دی۔ ادارے کے سربراہ ڈاکٹر حسن الامین نے عصر حاضر میں پرایئویسی کے مسائل، کتاب کو شائع کرنے کے محرکات، موضوع پر مصنف کی گرفت اور ادارے کے وژن پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر مصنف نے ادارے اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوے اپنی کتاب کی تحقیق کے بنیادی مقاصد اور نتائج سے آگاہ کیا۔