پنجاب کے 13 اضلاع میں ہفتے میں دو روز سکول کھولنے کا اعلان

عید الفطر تک مختلف اضلاع میں پہلی تا آٹھویں جماعت اسکول بند رہیں گے، تشویشناک شرح والے اضلاع میں 19 اپریل سے نویں تا بارہویں جماعت ہفتے میں دو روز سکول کھولے جاسکیں گے۔ وزیرتعلیم مراد راس کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 6 اپریل 2021 13:27

پنجاب کے 13 اضلاع میں ہفتے میں دو روز سکول کھولنے کا اعلان
لاہور( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اپریل 2021ء) وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے 19 اپریل سے 13 اضلاع میں نویں تا بارہویں ہفتے میں دو روز سکول کھولنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ عید الفطر تک مختلف اضلاع میں پہلی تا آٹھویں جماعت تمام سرکاری و نجی اسکول بند رہیں گے، ان میں کورونا کیسز کی تشویشناک شرح والے اضلاع شامل ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج وزرائے تعلیم کانفرنس فیصلہ کیا گیا ہے کہ عید تک تمام سرکاری و نجی اسکولوں کے کلاس ون سے آٹھویں کی کلاسز معطل رہیں گے۔

جن اضلاع میں کلاس آٹھویں تک سکول بند رہیں گے ان میں لاہور، راولپنڈی ، گجرات ، گوجرانوالہ ، ملتان ، بہاولپور ، سیالکوٹ ، سرگودھا ، فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، رحیم یار خان ، ڈی جی خان اور شیخوپورہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 19 اپریل 2021 سے ہفتے میں دو روز نویں تا بارہویں جماعت تک کلاسز کیلئے تمام سرکاری و نجی اسکول کھول دیے جائیں گے۔

 

نویں تا بارہویں جماعت تک کلاسز ہفتے میں دو روز پیر اور جمعرات کو ہوں گی۔ ان اضلاع میں لاہور ، راولپنڈی ، گجرات ، گوجرانوالہ ، ملتان ، بہاولپور ، سیالکوٹ ، سرگودہ ، فیصل آباد ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ، رحیم یار خان ، شیخوپورہ اور ڈی جی خان شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکول کھولنے کیلئے کورونا کی صورتحال کا دوہفتے بعد 28 اپریل کو دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پہلی سے اٹھویں جماعت تک تعلیمی ادارے 28 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ، جس کے تحت کورونا سے متاثرہ اضلاع میں کلاس ون سے 8 ویں جماعت تک کلاسیں 28 اپریل تک نہیں ہوں گی ، 9 ویں سے 12 ویں جماعت کے تعلیمی ادارے 19 اپریل تک بند رہیں گے ، جس کے بعد ان کی کاسز سخٹ ایس او پیز کے تحت ہوں گی ، اے اور او لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق لینے کا فیصلہ کیاگیا ، جب کہ 28اپریل کو این سی او سی کا اجلاس دوبارہ ہوگا جس مین صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔