محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا

بدھ 7 اپریل 2021 13:06

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2021ء) محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے شہر سے ملحقہ ہاؤسنگ سکیم میں سرکاری اراضی شامل کر کے پلاٹس فروخت کرنے اور سرکاری گرانٹ سے ترقیاتی کام کروانے سمیت غیر قانونی امور پر مالکان اور سرکاری عملہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے دیگر ملزمان کے تعین کے لئے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا اس مقدمہ میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی حامد حمید کے بھائی لیکچرار یونیورسٹی آف سرگودھا بابر حمید ،بیوہ خاتون رفعت افضل،سرکاری ملازمین سابق چیف آفیسر ضلع کونسل اسدہریا،بلڈنگ انسپکٹر علی عمران اور محکموں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، میٹروپولٹین کارپوریشن، کیافسران و عملہ کو ملوث کیا گیا اور مقدمہ کی انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

زرائع کے مطابق سرگود ھا شہر کے حلقہ این اے 92 سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید کے حقیقی بھائی لیکچرار یونیور سٹی آف سرگودھا بابر حمید نے بیوہ خاتون رفعت افضل کے ساتھ مل کر شہر کے قریب جھال چکیاں روڑ پر 42 کنال اراضی پر مشتمل رانا ٹاون کے نام سے ہاوسنگ سکیم بنائی اور 47 پلاٹس کے کالونی کا نقشہ غائب کر کے غیر منظور شدہ کالونی میں میٹروپولٹین کارپوریشن کی چار کروڑ 80 لاکھ روپے مالیتی دو کنال چار مرلے سرکاری اراضی شامل کر کے 58 پلاٹس فروخت کردیئے تو معاملہ کی چھان بین شروع کر دی گئی جس میں انکشاف ہوا کہ رانا ٹاون میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سے سرکاری گرانٹ پر سیوریج سکیم اور دیگر ترقیاتی کام کروائے گے جبکہ ضلع کونسل کے سابق چیف آفیسر اسد ہریا نے غیر قانونی این او سی جاری کئے۔

(جاری ہے)

بلڈنگ انسپکٹر علی عمران اور میٹروپولٹین عملہ کی ملی بھگت سے فوائد حاصل کئے گے جبکہ لیکچرار یونیورسٹی آف سرگودھا بابر حمید نے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنائیان معاملہ کی ابتدائی تحقیقات کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے مالکان ایم این اے کے بھائی بابر حمید،بیوہ خاتون رفعت افضل،کے علاؤہ ضلع کونسل کے سابق چیف آفیسر اسد ہریا، بلڈنگ انسپکٹر علی عمران اور دیگر ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 419/477/116/109/34اور5/2/47 ت پ مقدمہ درج کر لیا اور محکمہ پبلک ہیلتھ،ضلع کونسل، میٹروپولٹین کارپوریشن کے افسران و عملہ کے ملوث ہونے پر مزید ملزمان کے تعین کے لئے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیااور رانا ٹاون ہاوسنگ سکیم سے متعلقہ تمام ریکارڈ کی چھان بین کے لئے خصوصی انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی جس کے زریعے اس مقدمہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری متوقع ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ بلڈنگ انسپکٹر علی عمران اس سے قبل سابق لیگی مئیر ملک اسلم نوید کے ساتھ خیابان نوید ہاوسنگ سکیم کے کرپشن کیس میں گرفتار ہو کر چار ماہ بعد لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت پر سرگودھا جیل سے رہائی حاصل کئے ہوئے ہیں۔جن کو اب دوسرے مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے۔