سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سینٹ رکنیت ختم ہونے کا امکان

وفاقی کابینہ نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم منظور کر لی، 60 دنوں کے اندر اگر منتخب نمائندہ حلف نہ لے تو نشست خالی ہو جائے گی، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 8 اپریل 2021 20:01

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سینٹ رکنیت ختم ہونے کا امکان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ، تازہ ترین اخبار، 8اپریل 2021) وفاقی کابینہ نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اسحاق ڈار کی سینٹ رکنیت ختم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے الیکشن ایکٹ 2017میں ترمیم کی منظوری دی ہے، جس کے بعد حلف نہ لینے والے پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کی رکنیت معطل ہو سکتی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ  اسحاق ڈارکی سینٹ اور چودھری نثارعلی خان کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم ہونے کا امکان ہے۔کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کثرت رائے سے منظور کرلی جس کے مطابق اگر منتخب نمائندہ 60 دنوں کے اندر حلف نہ لے تو نشست خالی ہو جائے گی ۔ الیکشن کمیشن فوری ایسے منتخب نمائندے کو ڈی نوٹی فائی کرے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 2018کے انتخابات میںچودھری نثار قومی اسمبلی کا الیکشن ہار گئے تھے لیکن پنجاب اسمبلی کا الیکشن جیت گئے تھے لیکن چودھری نثار نے ابھی تک اسمبلی میں آ کر حلف نہیں لیا اور نہ ہی کبھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ادھر ن لیگ کے سینیٹر اسحاق ڈار بھی سینیٹر ہیں لیکن اجلاس میں نہیں آتے ، گزشتہ دنوں سینٹ الیکشن میں بھی انہوں نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا۔یاد رہے کہ پانامہ کیس کے بعدسے اسحاق ڈار لندن چلے گئے تھے اور اب تک وہیں موجود ہیں۔ اسحاق ڈار نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ بیمار ہیں اور لندن میں اُن کا علاج جاری ہے۔ اسحاق ڈا ر کی جانب سے پاکستان واپس آ کر سینٹ میں ووٹ نہ ڈالنے پر بھی پی ڈی ایم میں اختلافات سامنے آئے تھے۔