جلد ملک وقوم کے روشن مستقبل کا سفر شروع کریں گے، شہباز شریف

اقتدار میں آکر قوم کو مہنگائی، بےروزگاری سے نجات دلائیں گے، زراعت، کسان اور صنعت پھر پھلیں پھولیں گے، آج پورے پاکستان سے ڈسکہ کے فیصلے کی آواز آرہی ہے۔ صدرمسلم لیگ ن کا ڈسکہ الیکشن میں کامیابی پر اظہار تشکر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 11 اپریل 2021 17:38

جلد ملک وقوم کے روشن مستقبل کا سفر شروع کریں گے، شہباز شریف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اپریل2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ انشاءاللہ! جلد ملک وقوم کے روشن مستقبل کا سفر شروع کریں گے، اقتدار میں آکر قوم کو مہنگائی،بےروزگاری کے مصائب سے نکالیں گے، زراعت اور کسان پھر پھلیں پھولیں گے، صنعت کا پہیہ پھر رواں ہوگا، آج پورے پاکستان سے ڈسکہ کے فیصلے کی آواز آرہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ن لیگ شہبازشریف نے گزشتہ روز جیل میں ملاقات کرنے والے اہل خانہ کو نوشین افتخار اور کارکنان کے لئے پیغام دیا تھا۔ جس میں انہوں نے ڈسکہ الیکشن میں کامیابی پر اظہار تشکر اورمبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج پورے پاکستان سے وہی آواز آرہی ہے جس کا فیصلہ ڈسکہ کے عوام نے دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آکر قوم کو ایک بار پھر مہنگائی، بے روزگاری کے مصائب سے نجات دلائے گی۔

غریبوں کے چولہے پھر جلیں گے، زراعت اور کسان پھر پھلیں پھولیں گے، صنعت کا پہیہ پھر رواں ہوگا۔ عوام اور کارکنان حوصلے بلند رکھیں،ان کی محنت رنگ لارہی ہے۔ انشاءاللہ، ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کا چھین لیا جانے والا سفر پھر اسی جذبے سے شروع کریں گے۔واضح رہے مسلم لیگ ن نے این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن جیت لیا ہے۔ 360 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔

جس کے مطابق ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار نے 1 لاکھ 11 ہزار 220 ووٹ حاصل کیے، جبکہ تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 92 ہزار ووٹ حاصل کر سکے۔ یوں ن لیگ نے 19 ہزار ووٹوں کی برتری سے حکمراں جماعت تحریک انصاف کو شکست دے دی۔ضمنی انتخاب کے معرکے میں پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتخار کے درمیان مقابلے میں عوام نے ووٹ کاسٹ کیے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے اپنا ووٹ کاسٹ ہی نہیں کیا، اسجد ملہی 2 بار اپنے آبائی حلقے میں آئے لیکن ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔