لاہور کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند

شہر میں جاری پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل

muhammad ali محمد علی جمعرات 15 اپریل 2021 00:20

لاہور کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 اپریل2021ء) لاہور کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند، شہر میں جاری پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے مختلف علاقوں میں موبائل سروس معطل کردی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ شہر میں جاری پرتشدد مظاہروں پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسی سلسلے میں گذشتہ روز وزیر قانون کے اجلاس میں احتجاج والے مقام پر موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس پر اب عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور کے جن علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کی گئی ہے ان میں میں سکیم موڑ، یتیم خانہ، اقبال ٹاؤن،کھاڑک چوک،سمن آباد، ملتان روڈ، گلشن راوی،ہنجروال کے علاقے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند ہونے کی وجہ سے مذکورہ علاقوں کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کے احتجاج اور دھرنوں سے متعلق وزارت داخلہ نے رپورٹ جاری کردی ہے۔

وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے 2 ہزار 135 افراد کو گرفتار کیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ سب سے زیادہ 1669 افراد پنجاب میں گرفتار کیے گئے۔جبکہ سندھ میں دو سو اٹھائیس افراد کو گرفتار کیا گیا۔اسلام آباد سے 45 اور خیبر پختونخواہ سے ایک سو ترانوے افراد کو گرفتار کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

یال رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک کے مختلف شہروں میں 3 روز سے جاری پر تشدد احتجاج اور ان میں قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی ہلاکت کے بعدانسداددہشت گردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا‘قانون کے مطابق انسداددہشت گردی ایکٹ1997کی دفعہ11بی کے تحت کسی بھی جماعت یا شخص پر پابندی کا مطلب دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث ہونا ہوتا ہے. اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پابندی کی قرار داد حکومت پنجاب کی جانب سے آئی تھی جس کی سمری منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے. انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں قرار داد پیش کرنے کیلئے تیار تھے لیکن ٹی ایل پی ایسا مسودہ لانا چاہتی تھی جس سے انتہا پسندی کا تاثر ابھرتا‘ شیخ رشید نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی عائدکی جارہی ہے اور وزارت داخلہ ٹی ایل پی پر پابندی کی سمری کابینہ کو بھجوارہی ہے اور ممکنہ طور پر آئندہ 48گھنٹوں میں نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا.