وزیراعظم عمران خان کا مشن اپنے لئے بیرون ملک جائیدادیں اور پیسہ بنانا نہیں، وہ عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں، اسد عمر

جمعہ 16 اپریل 2021 15:08

وزیراعظم عمران خان کا مشن اپنے لئے بیرون ملک جائیدادیں  اور پیسہ بنانا ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2021ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا مشن اپنے لئے بیرون ملک جائیدادیں  اور پیسہ بنانا نہیں،  وہ  عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں، سندھ حکومت سندھ کے نام پر ووٹ لے کر وفاق کے ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں روڑے اٹکاتی ہے، وفاق وہ بھی کررہا ہے جو اس کی ذمہ داری نہیں، سندھ کےلئے 446 ارب روپے کا بڑا پیکج دیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ ہر قسم کے وسائل سے مالا مال ہے  لیکن سندھ میں جس طرح کی ترقی ہونی تھی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان قومی سوچ رکھنے والے واحدلیڈر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سکھر حیدرآباد موٹر وے مکمل کی جائے گی۔ آئندہ ہفتے اس کی منظوری ہو جائے گی۔ سندھ میں شدید لوڈ شیڈنگ ہے ۔ بجلی کی ترسیل کے  نظام میں سرمایہ کاری نہیں کی گی اور ٹرانسفارمرز کی کمی ہے۔

سندھ گیس پیدا کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن کئی اضلاع جہاں سے گیس نکل رہی ہے وہ گیس سے محروم ہے۔ وہاں کے عوام کا اولین حق ہے ۔ 22 ارب روپے کے گیس بجلی کے منصوبوں پر آئندہ دو سال میں کام کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیکج کے تحت روہڑی حیدرآباد کے سٹیشنوں کو بہتر بنایا جائے گا جس سے مسافروں کو آسانی ہو گی۔ نئی گج ڈیم 28 ہزار 800 ایکڑ اراضی کو سیراب کرے گا۔

وفاق اپنے وسائل سے اسے مکمل کرے گا ۔ڈریجن کی کئی سکیمیں بھی پیکج میں شامل کی گئی ہیں۔ نوجوانوں کے لئے بڑےبڑے فیصلے کئے گئے ہیں۔ ایک لاکھ نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے۔ کھیلوں کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات سے ایک لاکھ 30 ہزار نوجوان مستفیدہوں گے ان میں 35 ہزار بچیاں بھی شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2 لاکھ لوگوں کو پاسپورٹس کے حصول کے لئے دوسرے اضلاع میں جانا پڑتا تھا۔ اب انہیں 14 جدید سنٹرز کے قیام سے مقامی سطح پر یہ سہولت حاصل ہوگی۔ 30 تعلقوںمیں نادرا سنٹرز بنائے جائیں گے۔ انٹر نیٹ اور براڈ بینڈ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ 37 لاکھ کی آبادی کو یہ سہولیات میسر آئیں گی اور 12 لاکھ کی آبادی آپٹک فائبر سے منسلک ہو گی۔