اگر کراچی الیکشن میںآپ نے کچھ کیا نہیں آپکے ہاتھ صاف ہیں تو تلاشی دے کیوں نہیں دیتے ‘ طلال چوہدری

جو آواز آئینی اور انسانی حقوق مانگے وہ غدار ٹھہرے ،آج کل غداری کا الزام محب وطن ہونے کا سرٹیفکیٹ ہے‘ میڈیا سے گفتگو

پیر 3 مئی 2021 15:35

اگر کراچی الیکشن میںآپ نے کچھ کیا نہیں آپکے ہاتھ صاف ہیں تو تلاشی دے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2021ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر کی توہین کرتے ہوئے ایک فقرہ استعمال کیا ہے اس کس بے غیرت نے اس عہدے پر لگایا ہے ،یہ حکومت اور تو کچھ نہیں کرسکی لیکن ایک فیصلہ کرلے کہ فردوس عاشق نے یہ اعزاز وزیر اعلی یا چیف سیکرٹری کودیا،یہ اعزاز عثمان بزادر کو جائے گا یا اوپر تک جائے گا ،جو بھی آواز کسی کے حق کے لئے اٹھتی رہی جو آئینی اور انسانی حقوق مانگتی رہی وہ سارے غدار ٹھہرے ،آج کل غداری کا الزام محب وطن ہونے کا سرٹیفکیٹ ہے ۔

ماڈل ٹائون کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمیش کرنے کی روایت لیاقت علی خان سے شروع ہوئی اور بینظیر بھٹو تک جاری رہی یہ ختم ہونی چاہیے ،ایک کٹھ پتلی کو حکومت میں لانے اور کرسی پر بٹھانے کے لئے کتنے جتن کرنے پڑتے ہیں،کیسے اداروں کی عزت کو دائو پر لگانا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب احتساب سے منشیات تک سب کچھ پٹ گیا تو غداری آ گئی ،ایف آئی آر کا مدعی تحریک انصاف کا کونسلر ہے ،سیاسی مخالفین کے کہنے پر اب غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب آپ گنتی ،فرانزک اور تھیلے کھولنے کی مخالفت کیوں کررہے ہیں،کیوں نہیں تھیلے کھلنے چاہیے ،یہ انصاف کی بات ہے ہمارا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعید غنی اس الیکشن کے انچارج تھے مگر ان کے الیکشن لڑنے پر سوالیہ نشان آگیا تھا،سعید غنی کی کارکردگی ایک سوالیہ نشان ہے ،جس علاقے میں نہ صحت نہ ترقی ہے نہ صفائی ہے نہ پانی ہے جہاں انسان زندہ نہیں رہ سکتے وہاںبھٹو کیسے زندہ ہوگیا ،بھٹو پانی کے بغیر زندہ ہی ،وہاں کوڑا بھی پڑا ہے ، آپ کہتے ہیں انیس سو اٹھاسی سے ووٹ مل رہا ہے ،آپ بھی بڑے ڈھیٹ ہیں ان کو اٹھاسی سے یزیدوں کی طرح پانی نہیں دیا،ووٹ لیتے رہے آپ کی کارکردگی پر ووٹ اور جیت آپ کو نہیں مل سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ فرانزک اور ری کائونٹنگ پر وہی شور مچائے گا جو چور ہے ۔کراچی کے الیکشن پر بلاول بھٹو گھبرا اٹھے ہیں اس سے ہمیں شک اور پڑ گیا ہے ،سینٹ کے الیکشن کے بعد کراچی الیکشن میں بھی لگتا ہے یہاں بھی دھاندلی ہوئی ہے۔کراچی الیکشن پر پیپلز پارٹی اتنی گھبراہی ہوئی کیوں ہے،اگر آپ نے کچھ کیا نہیں آپ کے ہاتھ صاف ہیں تو تلاشی دے کیوں نہیں دیتے ۔ انہوں نے کہا کہ دو سو پریزائڈنگ افسران ٹائم پر آئے تو (ن) لیگ جیت رہی تھی ،وہ پریزائڈنگ افسران جو آدھے گھنٹے کا سفر گیارہ گھنٹے میں طے کرکے آئے تو پیپلز پارٹی جیت گئی ،آپ کہتے ہیں جیت آپ کی ہے ،آپ شفاف طریقے سے جیتیںہم آپ کو گھر جاکر مبارکباد دیں گے ،مگر یہ ہمارا حق ہے گنتی کروائیں یہ ہمارا حق ہے ۔