تحریک انصاف بلوچستان کے اراکین صوبائی اسمبلی کی سردار یار محمد رند کی قیادت میں وفاقی وزیر اسد عمر خان سے ملاقات،بلوچستان میں پارٹی امور سے متعلق تبادلہ خیال

بدھ 5 مئی 2021 22:57

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2021ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی و بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند کی قیادت میں وفاقی وزیر پلاننگ و منصوبہ بندی و بلوچستان امور سے متعلق وزیر اعظم کے نامزد رابطہ کار اسد عمر خان سے ملاقات کی اور بلوچستان میں پارٹی امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا ، زرائع کے مطابق بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی اراکین نے وفاقی وزیر اسد عمر خان کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورہ کوئٹہ کے موقع پر پی ٹی آئی اور بی اے پی کے مابین تعلقات کی بہتری کے لیے انہیں( یعنی اسد عمر خان)کو رابطہ کار مقرر کیا لیکن باعث افسوس امر یہ رہا کہ وزیر اعظم کے اس فیصلے کے محض دو دن بعد ہی قابل گفت و شنید معاملات کو تعین کردہ متعلقہ فورم پر ڈسکس کرنے کے بجائے سی ایم سیکرٹریٹ سے آفیشل ہینڈ آوٹ کے ذریعے ایک بار پھر پی ٹی آئی بلوچستان کی پارلیمانی قیادت پر بے بنیاد الزامات عائد کرکے پروپیگنڈے پر مبنی زہریلی تنقید کی گئی جو نہ صرف وزیر اعلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اسد عمر خان پر عدم اعتماد کا اظہار ہے بلکہ وزیر اعظم کی جانب سے مصالحت کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے یہ عمل پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی اراکین سمیت ہر کارکن کے لئے تکلیف کا باعث ہے وفاقی وزیر اسد عمر خان نے پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی اراکین کو یقین دلایا کہ بلوچستان میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی اراکین اور کارکنوں کے خدشات کو دور کرنے کے لئے قابل عمل اقدامات تجویز کئے جائیں گے اور پارٹی چیئرمین کو رپورٹ پیش کی جائے گی جس کی روشنی میں مزید فیصلے کئے جائیں گے پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی اراکین نے وفاقی وزیر اسد عمر خان کی یقین دہانی کا خیر مقدم کرتے ہوئے پارٹی قیادت کے فیصلے کی پاسداری کو مقدم قرار دیا ۔