فواد چوہدری سے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ، ڈسٹرکٹ جہلم ، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان ایسوسی ایشنز کے وفود کی ملاقاتیں، مسائل سے آگاہ کیا

وکلاء برادری کے مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، بار ایسوسی ایشنز میرا دوسرا گھر ہیں، بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ خاندانی وابستگی ہے، فواد چوہدری

جمعرات 6 مئی 2021 17:03

فواد چوہدری سے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ، ڈسٹرکٹ جہلم ، سوہاوہ اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ,ڈسٹرکٹ جہلم، سوہاوہ، اور پنڈ دادنخان ایسوسی ایشنز کے وفود نے ملاقاتیں کیں جس میں مسائل سے آگاہ کیا ۔اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے وفد نے سینئر ایڈووکیٹ سید علی بخاری،راجہ قمر عنایت سابق سیکرٹری بار ایسوسی ایشن، چوہدری خانزادہ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات کی۔

بار ایسوسی ایشنز کے وفود کے ساتھ ملاقات میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب چوہدری فیصل فرید اور سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار چوہدری بلال رضا بھی شامل تھے۔ وکلاء بار کے وفود نے چوہدری فواد حسین کو وزیر اطلاعات کا قلمدان سونپے جانے پر مبارکباد پیش کیبار ایسوسی ایشنز کے وفود نے وفاقی وزیر اطلاعات کو وکلاء برادری کے مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہاکہ وکلاء برادری کے مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، بار ایسوسی ایشنز میرا دوسرا گھر ہیں، بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ خاندانی وابستگی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ وکلاء کا دستور کی عمل داری اور قانون کی حکمرانی میں کلیدی کردار ہے، وکلاء جمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آئین کی بالادستی میں وکلاء کا مثالی اور روشن کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیراعظم نے بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ رابطے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی ٹاسک دیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ نوجوان وکلاء کے چیمبرز کی تعمیر کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 10 لاکھ تک قرض کی فراہمی کو ممکن بنائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ وکلاء کو وزیراعظم کے نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے میں بھی شریک کرنا زیر غور ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی کی بار ایسوسی ایشنز کا جلد دورہ کروں گا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیراعلیٰ پنجاب پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ بار جہلم کے لئے 30 لاکھ روپے کا چیک جبکہ سوہاوہ اور پنڈ دادن خان کے لئے 10، 10 لاکھ روپے کے چیک بار کونسلز کے عہدیداران میں تقسیم کئے۔جہلم، پنڈ دادنخان اور سوہاوہ کے وفود کی قیادت ڈسٹرکٹ بار صدور راجہ ضمیر اختر، توقیر احمد خاں اور راجہ گل نواز کر رہے تھے۔