شبیر قائم خانی کا کراچی میں تاجروں پر پولیس تشدد کے واقعات پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار

جمعہ 7 مئی 2021 23:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2021ء) پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئرمین شبیر قائم خانی نے کراچی میں تاجروں پر پولیس تشدد کے واقعات پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعات کو کراچی دشمنی اور پاکستان دشمنی قرار دیا ہے۔ پاکستان کو 69 فیصد اور سندھ کو 90 فیصد ریونیو دینے والے تاجروں پر پولیس کا تشدد ناقابل قبول ہے۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں ناکام حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے غریب عوام پہلے ہی متاثر ہیں، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے تاجروں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ تجارت کے اوقاتِ کار اتنے کم ہیں کہ خریداری کے لیے مارکیٹوں میں رش لگ گیا ہے۔ شام 6 بجے مارکیٹیں بند کرنے کی منطق سمجھ سے باہر ہے، کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پہلے دکان سیل کی جاتی ہے پھر لاکھوں روپے رشوت لیکر کھولی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس دکانداروں سے بھتہ وصول کر رہی ہے۔ افسوس کہ سندھ پولیس محافظ کا نہیں بلکہ بدمعاشوں کا کردار ادا کرہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں تاجروں کے وفد سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بڑھ گئیں ہیں جس کی وجہ سے عوام لاکھوں روپے مالیت سے محروم ہو رہے جو سرا سر ظلم ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں پولیس گردی فوری بند کروائی جائے اور شہریوں کے مسائل حل کے لئے اقدامات کئے جائیں