بدمعاشوں،چوروں اور رسہ گیروں کیخلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں،غلام محمود ڈوگر

کراچی میں بینک ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوںمیں انتہائی مطلوب 14رکنی پٹھان گینگ پکڑا گیا ، سربراہ لاہور پولیس

ہفتہ 8 مئی 2021 20:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2021ء) سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس صوبائی دارلحکومت کومحفوظ شہر بنانے کے لئے بدمعاشوں،چوروں اور رسہ گیروں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری رکھے گی۔انہوں نے یہ بات آج کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز لاہور میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شارق جمال، ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی،ایس ایس پی آپریشنز احسن سیف اللہ، ایس ایس پی سی آئی اے لاہور شعیب خرم جانباز،ایس پی صدر حفیظ بگٹی کے علاوہ صحافیوں کی بڑی تعداد نے پریس کانفرنس میں شرکت کی۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کے آپریشنز اور انوسٹی گیشن ونگز نے انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کے تحت مربوط کاروائی کرتے ہوئیکراچی میں بینک ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب چودہ رکنی ( پٹھان) گینگ گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سی آئی اے شعیب خرم جانباز کی قیادت میں انچارج سی آئی اے ماڈل ٹاون سید حسین حیدر نے ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی اور پروفیشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے سرغنہ لائق حسین سمیت 07 ارکان اور ان کے سات سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔ملزمان نیکراچی میں مختلف بنک ڈکیتیوں میں ایک ارب 33 کروڑ 98 لاکھ 17ہزار 97 روپے کی وارداتیں کیں۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے بتایا کہ ملزمان لاہور میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران مختلف مالیاتی اداروں میں ڈکیتی کی وارداتوں کی پلاننگ کررہے تھے۔گرفتار ملزمان میں سرغنہ لائق حسین،سرگرم ارکان زاہد خان، حاجی فرید خان، کامران عرف کامی،خالد خان، صادق علی اور کامران حیدری جبکہ سہولت کاروں میں وقار احمد، شعیب، کامران عرف فوجی، محمد عثمان، سنی حاکم، محمد شکیل،محمد اقبال شامل ہیں۔

سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ ملزمان اپنے طریقہ واردات میں چھٹی کے دن بینک گارڈ کے کھانا لینے بینک سے باہر جانے کے بعد بینک کے تالے توڑ کر اندر گھستے، گارڈ کو باندھ کر یرغمال بناتے اور گیس سلنڈر سے لاکرز کاٹ کر زیورات، نقدی اور قیمتی اشیاء لوٹ کر علاقہ غیر فرار ہوجاتے تھے۔سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ ملزمان کے ساتھی زاہدخان، صادق علی اور کامران حیدری گذشتہ ساڑھے چار ماہ سے لاہور کے مختلف مالیاتی اداروں کی ریکی کر رہے تھے۔

ملزمان قومی بچت مراکز، بنک آف پنجاب کی مختلف برانچز اور نیشل بنک آف پاکستان میں وارداتوں کی پلاننگ کر رہے تھے کہ لاہور پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔پولیس نے ملزمان سے 35 لاکھ روپے برامد کر لئے گئے ہیں جبکہ ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا آٹورکشہ، دو ہنڈا موٹر سائیکلز اور سوزوکی کار کے علاوہ (اسلحہ) پسٹلز بھی برامد ہوئے ہیں۔

سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ صدر ڈویڑن پولیس نے اغواء برائے تاوان اور بھتہ کی وارداتوں میں ملوث چار رکنی گینگ گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ملزمان میں عمران، سعادت حسین،شاہ رخ اور شاہ زیب شامل ہیں۔ملزمان کے قبضہ سے 02 عدد پسٹل درجنوں گولیاں اور 48 لاکھ روپے نقدی برآمد ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ملزمان نے تین سال قبل اعظم مارکیٹ کے تاجر عدنان کو اغواء کیا۔

ملزمان نے 50لاکھ روپے تاوان لینے کے بعد تاجر کو رہا کر دیا تھا۔انہی ملزمان نے دوبارہ تاجر عدنان یسین کو صومالیہ کے واٹس ایپ نمبر سے کال کر کے مزید 20لاکھ روپے بھتہ طلب کیا۔بھتہ نہ دینے کی صور ت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ ایس پی صدرحفیظ الرحمن بگٹی نے ایس ایچ او گرین ٹاؤ ن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے ملزمان کو بڑی مہارت کے ساتھ اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ملزمان کے مفرور ساتھی مبین کو بھی جلد گرفتار کر کے تاوان کی بقایا رقم بھی برآمد کر لی جائے گی۔