کابل اسکول دھماکوں نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے زخم تازہ کردیے

کابل میں اسکول کے قریب بم دھماکوں میں طالبات سمیت کل 59 افراد کی ہلاکت پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا ردعمل

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 9 مئی 2021 19:07

کابل اسکول دھماکوں نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے زخم تازہ کردیے
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 9مئی 2021) کابل اسکول دھماکوں نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے زخم تازہ کردیے، کابل میں اسکول کے قریب بم دھماکوں میں طالبات سمیت کل 59 افراد کی ہلاکت پر شہباز شریف کا ردعمل سامنے آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز نے گزشتہ روز ہونے والے کابل بم دھماکوں میں قیمتی جانوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے افغان دارالحکومت کابل میں اسکول دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت طلبہ کی تھی ، اس بہیمانہ واقعے نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے زخم تازہ کردیے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز کابل میں اسکول کے قریب بم دھماکوں میں طالبات سمیت درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے تھے، یہ دھماکے ایسے وقت ہوئے ہیں جب افغانستان سے امریکی افواج طویل جنگ کے بعد واپس روانہ ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسکول پر کار بم حملے میں جاں افراد کی تعداد 59اور زخمیوں کی تعداد 150 ہوگئی ہے، جاں بحق اور زخمیوں میں زیادہ تر طالبات شامل ہیں۔لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے جب کہ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی مذمت بھی کی ہے۔

افغان حکام کا دعویٰ ہے کہ طالبان نے ملک بھر میں پُرتشدد حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔متعدد تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہلاک اور زحمی ہونے والے بچوں کے بستے سڑک پر پڑے ہیں۔یہ حملہ کابل کے مغربی حصے میں پیش آیا ہے جہاں کثیر تعداد میں شیعہ مسلمان آباد ہیں۔ گذشتہ برسوں میں نام نہاد دولت اسلامیہ نے یہاں کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔افغانستان میں یورپی یونین کے مشن نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 'یہ خوفناک حملہ دہشتگردی ہے۔'