چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ افغانستان پہنچ گئے

جنرل قمر جاوید باجوہ افغان حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے، آرمی چیف افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کریں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 10 مئی 2021 16:40

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ افغانستان پہنچ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2021ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ افغانستان پہنچ گئے، جنرل قمر جاوید باجوہ افغان حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے، آرمی چیف افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کریں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ دورہ افغانستان کیلئے کابل پہنچ گئے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ افغان حکام اور صدر اشرف غنی سے اہم ملاقاتیں کرینگے۔

ان ملاقاتوں میں علاقائی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا یہ دورہ افغان امن عمل کے تحت اس وقت کیا جارہا ہے جب امریکی صدر جوبائیڈن نے افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلاء کا اعلان کردیا ہے۔ امریکی صدر کے اعلان کے تحت افغانستان سے امریکی افواج کا انخلاء رواں سال یکم مئی کو شروع ہوکر 11 ستمبر تک مکمل ہوگا۔

(جاری ہے)

15 اپریل کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پرامن افغانستان پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے، ملاقات کے دوران آرمی چیف نے امریکا کی قائم مقام سفیر انجیلا ایگلر سے افغان امن عمل میں اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بات چیت کی۔ اور کہا کہ توقع ہے ہر شعبےمیں پاکستان اورامریکا کا تعاون مزید فروغ پائے گا۔

آرمی چیف نے ستمبر2021 تک افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ خوشحال، مستحکم اور پرامن افغانستان پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔ مزید برآں دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں طالبان کی جانب سے عید پر3 روزہ سیزفائر کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ افغانستان میں تشدد میں کمی لانے کا باعث بننے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔