یورپی یونین کیلئے پاکستانی برآمد ات کا حجم سات ارب 47 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ‘ عبدا لرزاق دائود

جولائی2020 سے اپریل 2021 کے درمیان یورپی یونین کیلئے برآمدات میں 17.4 فیصد اضافہ ہوا ‘ مشیر تجارت

بدھ 12 مئی 2021 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران یورپی یونین کے لئے پاکستانی برآمد میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا جس سے برآمدی حجم سات ارب 47 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ۔ٹویٹر پر پیغام میں عبد الرزاق دائود نے لکھا کہ جولائی2020 سے اپریل 2021 کے درمیان یورپی یونین کے لئے پاکستانی برآمدات میں 17.4 فیصد اضافہ ہوا اس عرصے میں یورپی یونین کیلئے برآمدات 7ارب 47کروڑ 40لاکھ ڈالر رہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال اسی عرصے میں برآمدات 6ارب 36کروڑ 70لاکھ ڈالر تھیں۔انہوں نے کہا کہ پولینڈ کیلئے پاکستانی برآمدات میں 23فیصد، سویڈن کیلئے 21فیصد، نیدرلینڈ 21 فیصد اضافہ ہوا، جرمنی کے لیے برآمدات 19فیصد، فرانس 14 بلجئیم 12اور اٹلی ک لیے برآمدات 4فیصد بڑھیں،دس ماہ مین سپین کو برآمدات میں 2فیصد اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کیلئے ایک اہم مارکیٹ ہے، مشکل حالات میں برآمدات میں اضافے پر برآمدکنندگان کی کارکردگی قابل ستائش ہے، برآمدکنندگان کو سہولیات کی فراہمی پر ٹریڈ افسران کی کارکردگی بھی قابل تعریف ہے۔