ٹ*سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر ملک گیر ’’یوم یکجہتی فلسطین ‘‘منایا گیا

اتوار 16 مئی 2021 19:40

‘لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2021ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر ملک گیر’’یوم یکجہتی فلسطین ‘‘ منایا گیا۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لاہور، کراچی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاول پور، کوئٹہ اور مردان میں پرامن مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا ۔

مظاہرین نے فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پوری دنیا میں مسلمان زیادتیوں کا شکار ہیں۔تڑپتے اور بلکتے معصوم جنازے بھی او آئی سی کو بیدار نہیں کرسکے۔امریکہ انسانی حقوق کی تذلیل کا سرغنہ ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی مظالم نے امت مسلمہ کی غیرت کو چیلنج کیا ہے۔

پوری قوم فلسطین کے مظلومین کے ساتھ کھڑی ہے۔ او آئی سی اسرائیلی جارجیت کے خلاف ٹھوس اور فوری اقدامات کرے۔ غاصب یہودیوں نے انبیاء کی سرزمین کی توہین کی حد کردی ہے۔ جامعہ رضویہ میں خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حسن رضا نے کہا کہ اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل کی جانبداری قابل مذمت ہے۔اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں۔

مردان میں مولانا فضل جمیل رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی مردہ گھوڑا بن چکی ہے۔ 40ممالک کا اسلامی اتحاد اسرائیل کے خلاف اپنی حکمت عملی کا اعلان کرے۔یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، فیصل آباد میں ملک بخش الٰہی، ملتان میں مولانا فیض بخش رضوی، میانوالی میں حافظ حامد رضا، چیچہ وطنی میں صاحبزادہ بلال قادری، کوئٹہ میں مولانا وزیر القادری و دیگر نے خطاب کیا