بھارتی ریاست گجرات میں سمندری طوفان کے پیش نظر نقل مکانی شروع

طوفان سے اب تک 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں‘شدید بارش اور ہواﺅں سے مکانات کو غیرمعمولی نقصان پہنچا ہے. بھارتی ذرائع ابلاغ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 مئی 2021 15:18

بھارتی ریاست گجرات میں سمندری طوفان کے پیش نظر نقل مکانی شروع
احمد آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 مئی ۔2021ء) بھارتی ریاست گجرات میں سمندری طوفان تاﺅتے کے ٹکرانے کی پیشگوئی کے بعد نشیبی علاقوں سے ہزاروں افراد نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کردی ہے. بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق طوفان سے اب تک 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں بحیرہ عرب میں تشکیل پانے والے طوفان تاﺅتے کی وجہ سے بھارت کے مغربی اور جنوبی حصے شدید بارش اور ہواﺅں کی زد میں ہیں جہاں کچھ حصوں میں مکانات کو غیرمعمولی نقصان پہنچا ہے.

بھارت کے محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں امید ظاہر کی کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوائیں مزید تیز ہوجائیں گی اور آج شام تک طوفان شمال مغرب کی سمت منتقل ہوگا اور گجرات کے ساحل پر پہنچ جائے گا.

(جاری ہے)

توقع کی جارہی ہے کہ تاﺅتے نامی طوفان سے گجرات میں ہوا کی رفتار 175 کلومیٹر فی گھنٹہ (109 میل فی گھنٹہ) تک ہوسکتی ہے گجرات حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ ساحل کے قریب دیہاتوں اور نشیبی علاقوں سے لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ افراد کو منتقل کیا جائے گا اور اتوار کی شام تک انخلا کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں.

حکام کے مطابق سمندری طوفان سے مغربی ریاستوں گوا اور کرناٹک میں 6 افراد ہلاک ہوگئے کوسٹ گارڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ریاست تامل ناڈو سے رجسٹرڈ 31 کشتیاں غائب ہیں. محکمہ موسمیات نے یہ بھی خبردار کیا کہ محفوظ مقامات پر جانے کے لیے راستوں میں سیلاب آسکتا ہے جبکہ ریلوے سروس 21 مئی تک تعطل کا شکار ہوسکتی ہیں گجرات میں طوفان، ریاستی انتظامیہ کے لیے بھی چیلنجز کا باعث بنے گا جہاں کووڈ 19 کے مریضوں کے کیسز کی تعداد پہلے ہی بہت زیادہ ہے.

ریاستی حکومت نے کہا کہ گجرات کے وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کووڈ 19 ہسپتالوں اور دیگر طبی سہولیات کو بجلی کی فراہمی میں خلل نہ پڑ جائے اور آکسیجن کی فراہمی برقرار رہے ریاست میں آئندہ دو روز کے لیے ویکسینیشن کا عمل بھی معطل کردیا گیا ہے.