فلسطینی عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا،مقررین

ہفتہ 22 مئی 2021 22:23

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2021ء) فلسطینی عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ اسرائیل کے مظالم پر عالمی طاقتوں کی خاموشی مجرمانہ ہے۔پاکستان نے فلسطین کا مقدمہ عالمی سطح پر آگے بڑھ کر لڑا اور ثابت کر دیا کہ امت مسلمہ کی نمائندگی کا حق ادا کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔

ریلی کی قیادت تحصیل صدر پی ٹی آئی صالح محمد خان۔سٹی صدر شومی خان۔افتخار احمد مغل ایڈووکیٹ۔عمار خان۔چن زیب۔بابو حنیف سمیت پارٹی کی مقامی قیادت نے کی جبکہ تحصیل بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ریلی کا آغاز مرکزی سیکرٹریٹ سے ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ٹیپو سلطان چوک پہنچ کر احتتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے بے گناہ اور نہتے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے ہیں اور قرآن کا یہ فیصلہ سچ ثابت کر دیا ہے کہ یہودی کبھی بھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہو سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کی جانب سے مجرمانہ خاموشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کو کھلی چھٹی دی گئی کہ وہ بیت المقدس کی بے حرمتی اور مسلمانوں کا قتل عام کرے۔اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ یک زبان ہو کر ان مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے عالمی سطح پر فلسطینی عوام کی آواز بلند کر کے اپنا حق ادا کیا ہے۔فلسطین کے مسلمانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور عمران خان اور ان کی حکومت کی جانب سے ہر سطح پر ان کا ساتھ دیا جائے گا ۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو ظالمانہ اقدامات سے روکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔