فواد چوہدری کا لاہور پولیس سے ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

شہزاد اکبر اپنا کام بہتر انداز سے کررہے ہیں ، ان کے خلاف مذہبی کارڈ کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنا قابل مذمت ہے، اپنے آفیشلز کے دفاع میں ناکامی پر ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرسکتی۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 29 مئی 2021 14:05

فواد چوہدری کا لاہور پولیس سے ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کیخلاف ..
اسلام آباد ( اْردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 مئی 2021ء ) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا ، انہوں نے کہا ہے کہ اپنے آفیشلز کے دفاع میں ناکامی پر ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرسکتی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کہنا تھا کہ شہزاد اکبر اپنا کام بہتر انداز سے کررہے ہیں ، ان کے خلاف مذہبی کارڈ کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنا قابل مذمت ہے ، جس پر لاہور پولیس کو نذیر چوہان کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیئے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر کی درخواست پر جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی سیکریٹری اور رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ، شہزاد اکبرکی طرف سے رواں ماہ 20 مئی کو لاہور کے تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ، جس میں وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ نے موقف اختیار کیا کہ جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان نے ایک ٹی وی پروگرام میں مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے ، ان الزامات سے میری زندگی کوخطرہ ہوسکتا ہے ، نذیرچوہان کی گفتگوکا مطلب کرپشن کے خلاف کام کی حوصلہ شکنی ہے، اس لیے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرکے سخت کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

مقدمہ درج ہونے کے بعد نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ میں پہلے ہی کہتا تھا کہ شہزاد اکبر پارٹی معاملات خراب کررہے ہیں ، اپنے خلاف ایف آئی آر پرگرفتاری پیش کروں گا اور ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کراوں گا۔