دہشتگردوں کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آرمی چیف

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کورہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کا دورہ، پاک ایران اورافغان بارڈر پر باڑ لگانے کے عمل پربریفنگ، بلوچستان میں سماجی اقتصادی ترقی اور دیرپا امن کیلئے کاوشیں جاری رہیں گی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 1 جون 2021 20:57

دہشتگردوں کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آرمی چیف
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم جون2021ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو امن کی کاوشوں کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے، پاک فوج بلوچستان میں سماجی اقتصادی ترقی اور دیرپا امن کیلئے کاوشیں جاری رکھے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کا دورہ کیا۔

کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال اور پیشہ ورانہ تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو پاک فوج کے صوبائی حکومت کے ساتھ سماجی واقتصادی ترقی کے اقدامات سمیت پاک ایران اور پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج صوبے میں سماجی و اقتصادی ترقی اور دیرپا امن کیلئے کاوشیں جاری رکھے گی۔ قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ مزیدتعاون کیا جائے گا، دہشتگردوں کو امن کی کاوشوں کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔ آرمی چیف نے فوج کے افسران اور جوانوں کی انتھک کاوشوں اور بلند حوصلے کی بھی تعریف کی۔