وفاقی حکومت کاسندھ کے ساتھ تعصب وناانصافی پرمبنی رویہ کسی صورت میں قبول نہیں،سید امیر علی شاہ

پیر 7 جون 2021 18:36

عمرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سید امیر علی شاہ نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کاسندھ کے ساتھ تعصب وناانصافی پرمبنی رویہ کسی صورت میں قبول نہیں ۔پیرکو پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ میں پانی کی قلت اور ارسا کے خلاف پریس کلب عمرکوٹ کے سامنے رکن سندھ اسمبلی سید امیر علی شاہ کی قیادت میں دھرنادیاگیا۔

دھرنے میں پیپلز پارٹی کی مرد و خواتین رہنمائوں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس موقع پروفاقی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ سید امیرعلی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لیے سندھ کے باسیوں کو پینے اور زرعی پانی سے محروم کرنے کی سازش میں مصروف ہے وفاق تعصب سے کام لے رہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سندھ کے حقوق کیلیے عوام کے ساتھ نااہل سلیکٹیڈ حکومت کا بھرپور مقابلے کرے گی۔سید امیرعلی شاہ نے کہا کہ اس وقت سندھ میں چالیس فیصد پانی کی قلت ہے اگر وقت پر پانی کی کمی کو پورا نہ کیا گیا تو اس سال پورے سندھ کے آبادگاروں اور کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ارسا کی جانب سے 1991 پانی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے چشمہ لنک کا پانی ضائع کیا جارہا ہے جس کے باعث نہ صرف سندھ بلکہ بلوچستان میں بھی زرعی پانی کی قلت ہے۔

انہوں نے کہاکہ سندھ دھرتی کے ساتھ کسی صورت میں زیادتی ناانصافی کو برداشت نہیں کیاجائے گاوفاق کو سندھ کے حصے کے حقوق دینے ہونگے ارساکوسندھ کے حصے کاپانی دیناہوگا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام صوبوں کو اپنے حصے کا پانی فراہم کیاجائے بصورت دیگر پورے ملک میں پیپلزپارٹی احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دے گی ۔دھرنے سے وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی پونجومل بھیل، لیڈیزونگ کی رہنما نورجہاں گیلڑو ،اقلیتی رہنما گھنشام بجیرسمیت دیگر پارٹی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا