محکمہ اوقاف کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پی سی ون تیار کیا گیا ہے ،ظہورشاکر

بدھ 9 جون 2021 23:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2021ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے حج اوقاف و مذہبی امور محمد ظہور شاکر نے کہا ہے کہ محکمہ اوقاف کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پی سی ون تیار کیا گیا ہے جبکہ وقف اراضی کو مارکیٹ ریٹ اور قاعدہ و ظوابط کے مطابق لیز پر ممکن بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ افسران و اہلکاروں پر لازم ہے کہ لیز اور کھلی نیلامی میں وقت ضائع کئے بغیر مشاورت سے موثر اقدامات اٹھائے تاکہ قومی وسائل کا ضیاع نہ ہو اور اس ضمن میں کسی کے ساتھ بھی رعایت یا نرمی نہ کی جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو سپین جماعت پشاور کا فور ی دورا کرنے اور مسجد کے گرین بلٹ کی تعمیر کرنے کے بارے میں کہا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں اوقاف جائیداد کے بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف جہانزیب،ڈپٹی سیکرٹری اوقاف علی رضا،ایڈمنسٹر اوقاف یوسف خٹک،ڈپٹی ایڈ منسٹر آف ارشدکمال،اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی مختار نواز،ہارون اور شرافت بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران وقف املاک کی آمدان، ضلع و تحصیل خطبا ء کی جاب ڈسکرپشن،ریگولرائزیشن،ترقی وتنخواہ،مختلف اضلاع پشاور، نوشہرہ ،مردان ،چارسدہ، ہنگو ،بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ، ایبٹ آباد ،مانسہرہ ،سوات اور دیگر اضلاع میں اوقاف جائیداد اور پلاٹوں کو قابضین سے واگزار کرنے،لیزکی موجودہ صورتحال اور آئندہ لیز پر دینے اور وقف املاک کو قابل استعمال بنانے کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس ضمن میں مارکیٹ ریٹ کے مطابق اقدامات کرنے پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں بجٹ سیشن سے پہلے پہلے مختلف اضلاع بالخصوص ٹھنڈا چوا ایبٹ آباد کے دورے کے بارے میں بتایا گیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ سابق ادوار میں جنہوں کو اونے پونے رقم سے اوقاف کی کمرشل اور زرعی جائداد ملی ہے انہیں کے ساتھ عدالت میں کیس چلتے آ رہے ہیں جو نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے۔ جو سالوں سے جائیداد آویزاں پڑی ہے۔

انہوں نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل مقدس امانت ہے۔قابضین اللہ سے ڈریں۔ سب کو کل اپنے اعمال کا جواب دینا ہوگا۔معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو وقف املاک کو قابل استعمال بنانے پر زور دیا اور عوامی فلاح و بہبود کے نئے منصوبوں کے لیے مختص رقم کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کی تاکید کی انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ اوقاف املاک کو لیز پر دینے پر عمل درآمد کے سلسلے میں مشکلات اور رکاوٹوں کی بروقت نشاندہی کی جائے تاکہ انہیں دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ وقف املاک و جائیداد کا خصوصی خیال معائنہ کریں اور تحفظ یقینی بنائے انہوں نے افسران کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔