ملالہ یوسفزئی کو قتل کی دھمکیاں دینے والے مذہبی رہنما کو گرفتار کر لیا گیا

مفتی سردار علی حقانی نے اپنی تقریر میں لوگوں کو قانون ہاتھ میں لینے اور ملالہ یوسفزئی پر حملہ کرنے کے لیے اکسایا،ملالہ پر خودکش حملہ کرنے کی دھمکی بھی دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 10 جون 2021 13:39

ملالہ یوسفزئی کو قتل کی دھمکیاں دینے والے مذہبی رہنما کو گرفتار کر ..
لکی مروت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 جون 2021ء ) نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو قتل کی دھمکیاں دینے والے مذہبی رہنما کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے انڈپنڈنٹ اردو میں شائع رپورٹ کے مطابق نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو خودکش دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دینے پر مقامی مفتی سردار علی حقانی کو گرفتار کر لیا گیا۔لکی مروت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران خان نے انڈپنڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ مفتی سردار کو لکی مروت پولیس نے گرفتار کر لیا۔

ان کے خلاف انسداد دہشگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔مفتی سردار کے خلاف درج مقدمے میں کہاگیا کہ ملزم کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ وائرل ہے جس میں انہیں سٹیج پر کھڑے ہو کر تقریر کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

متن کے مطابق مفتی سردار اپنی تقریر میں لوگوں کو قانون ہاتھ میں لینے اور ملالہ یوسفزئی پر حملہ کرنے کے لیے اکسا رہے ہیں۔مفتی سردار نے تقریر کے دوران کہا کہ اگر ملالہ پاکستان آئی تو سب سے پہلے خود ان پر خودکش حملہ کریں گے۔

مقدمے کے مطابق مولانا کی تقریر کی وجہ سے لوگوں میں اشتعال پھیل گیا اور نقض امن اور لاقانونیت کا خطرہ پیدا ہو گیا۔مفتی سردار علی حقانی کی مختلف ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ایک ویڈیو میں وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومتی احیتاطی تدابیر کا مذاق اڑا رہے ہیں۔اس ویڈیو کے بعد بھی انہیں گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔علاوہ ازیں ان پر خواتین طبی عملے کے خلاف تقریر میں نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا بھی الزام تھا جس پر انہیں طبی عملے سمیت عام لوگوں کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔صارفین کی جانب سے مقامی مفتی سردار علی حقانی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔