آندھی سے شوگراں روڈ پرگاڑی کو حادثہ، گاڑی میں سوار سیاح جاں بحق ہو گئے

بالا کوٹ شوگراں روڈ پر بارش اور آندھی کے دوران درخت اکھڑ کر پجارو گاڑی پر آ گرا جس سے 4 لوگ جاں بحق ہو گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 12 جون 2021 10:51

آندھی سے شوگراں روڈ پرگاڑی کو حادثہ، گاڑی میں سوار سیاح جاں بحق ہو گئے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جون 2021ء ) تیز آندھی سے شوگراں روڈ پر ایک بڑا درخت سیاحوں کی گاڑی پر گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔مانسہرہ میں تیز آندھی سے شوگراں روڑ پر ایک  بڑا درخت سیاحوں کی گاڑی پر گر گیا جس سے 3 سیاح اور ایک مقامی شخص جاں بحق ہو گئے،ریسکیو 1122 مانسہرہ کے آفیسر محمد عامر سے ملنے والی تفصیل کے مطابق بالا کوٹ شوگراں روڈ پر بارش اور آندھی کے دوران درخت اکھڑ کر پجارو گاڑی پر آ گرا جس میں سوار سیاح عابد شاہ، امیر حمزہ ساکنان نوشہرہ فیروز سندھ اور ان کا ڈرائیور چوہدری عدیل سکنہ آزاد کشمیر جاں بحق ہو گئے جب کہ ایک موٹر سائیکل سوار سفیر سکنہ گڑھی حبیب اللہ بھی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا۔

اس سے قبل بابو سر ٹاپ پر سیاحوں کی گاڑی خراب ہو گئی، سردی سے 3 سال کی بچی کی موت ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

ریسکیو انچارج کے مطابق سیاحوں کی مدد کے لیے لیے ریسکیو ٹیم اور میکینک کے ساتھ پہنچی تھی۔ متاثرہ خاندان کا تعلق ناران سے ہے جب کہ یہ خاندان سیاحت کے لیے بابو سر آیا تھا۔شدید سردی کی وجہ سے بچی کی موت ہو گئی۔دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے موسم گرما کے دوران سیاحتی مقام ملکہ کوہسارمری آنے والے سیاحوں کے لئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ٹریفک کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹریفک پولیس کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں سی ٹی اوراولپنڈی رائے مظہر اقبال نے موسم گرما کے دوران ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کے سفر کو خوشگوار اور محفوظ بنانے کے لئے ہدایت کی ہے کہ سیاح مری میں غلط پارکنگ سے مکمل گریز کریں اور ڈبل لائن ہر گز نہ بنائیں کیونکہ غلط پارکنگ اور ڈبل لائن روڈ یوزرز کے لئے ٹریفک کی روانی میں خلل کا سبب بنتی ہے۔

صرف پارکنگ ایریا میں گاڑی کھڑی کریں ،دو طرفہ ٹریفک چلنے کی وجہ سے سیاحوں کی طرف سے کی گئی جلد بازی کسی حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔