پنجاب پولیس کا بے گناہ شہری کے گھر پر دھاوا،دروزہ توڑ کر اندر گھس گئی

شہری کا انصاف کی فراہمی کا مطالبہ،تھانیدار نے غلطی پر معذرت کر لی

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 13 جون 2021 08:10

پنجاب پولیس کا بے گناہ شہری کے گھر پر دھاوا،دروزہ توڑ کر اندر گھس گئی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جون2021ء) پنجاب پولیس کے کیا کہنے،یقین کریں اگر پولیس تھانوں میں رپورٹ ہونے والے کیسز کے ملزمان کی گرفتاری اور انہیں سزا ملنے کی اوسط نکالی جائے تو نہ ہونے کے برابر ہے مگر پنجاب پولیس کی بدمعاشی،دھونس اور ڈر اور خوف کی وجہ سے ہر دوسرا معزز شہری پناہ مانگتا ہے۔جب پنجاب پولیس وردی میں ملبوس کسی بھی علاقے میں گھستی ہے تو وہاں موجود ہر دوسرا شخص پولیس سے دور بھاگنے کی کوشش کرتا ہے کہ کہیں اسے پولیس دھر نہ لے۔

یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی شخص پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا کیونکہ انہیں پتا ہوتا ہے کہ اصل ملزم تو پولیس کے چنگل سے نکل جائیں گے مگر غریب اور شریف لوگ ان کے ہتھے چڑھ جائیں گے جنہیں قربانی کا بکرا بنا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں لاہور میں ایک ایساہی واقعہ پیش آیا کہ پنجاب پولیس بغیر تحقیق کیے ایک شریف شہری کے گھر میں گھس گئی اور اہلخانہ کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔

پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے غلط فہمی کی بنیاد پر لاہور میں ایک بے گناہ شہری کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ذرائع کے مطابق لاہور میں غلط فہمی پر پولیس پارٹی نے شہری کے گھرپردھاوا بولا اور رات گئے دروزہ توڑ کر گھر میں داخل ہوگئے۔متاثرہ شخص نے بتایا کہ پولیس اہلکار رات گئے دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ سے بدتمیزی کرتے ہوئے انہیں ہراساں کیا۔

پولیس اہلکار نے گھر میں داخل ہونے کے بعد کسی شخص کا نام لیا تو مکینوں نے بتایا کہ وہ یہاں نہیں رہتا۔ متاثرہ شہری اہلکار کے خلاف درخواست دائر کرانے تھانے پہنچا۔جس پر تھانے دار نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے متاثرہ شہری سے معافی بھی مانگی اور معاملے کو رفع دفع کرنے کی درخواست کی مگر شہری نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔شہری کی درخواست پر ڈی آئی جی آپریشن نے واقعے کا نوٹس لے کر ایس پی سے رپورٹ طلب کی اورسنگین غفلت کرنے والے اہلکار کے خلاف ایکشن کی ہدایت بھی کی۔پولیس کے اعلیٰ افسران نے متاثرہ شہری کو یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث اہلکار کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :