پولیس ٹریننگ سکول روات میں صوبہ کے 10 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 1163 کانسٹیبلوں کی پاسنگ آؤٹ تقریب کا انعقاد

پنجاب پولیس کے نئے بھرتی ہونیوالے جوانوں کی تربیت کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے ،جوان عوام کی خدمت کریں ، ایڈیشنل آئی جی پی پنجاب

پیر 14 جون 2021 18:08

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) پولیس ٹریننگ سکول روات میں صوبہ کے 10 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 1163 کانسٹیبلوں کی پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس و پرنسپل سہالہ پولیس کالج غلام رسول زاہد تھے۔نئے بھرتی ہونیوالے پولیس جوانوں میں 22 حفاظ قرآن اور 73 پولیس شہداء کے بچے شامل ہیں۔

جوانوں سے دیانتداری اور عوام کی خدمت، عزت نفس اور حقوق کے تحفظ کا حلف لیا گیا۔ پرنسپل روات پولیس ٹریننگ سکول ایس پی عامر خلیل سید نے سپاسنامہ پیش کیا۔پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل و پرنسپل سہالہ پولیس کالج غلام رسول زاہد نے کہا کہ پنجاب پولیس کے نئے بھرتی ہونیوالے جوانوں کی تربیت کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کا واضح ثبوت یہ ہے آج کی تقریب میں وہ 135 جوان بھی شامل ہیں جنہوں نے 23مارچ کی پریڈ میں پنجاب پولیس کی نمائندگی کرتے ہوئے مسلح افواج کے تمام دستوں نے اول پوزیشن حاصل کی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوا نے دس لاکھ روپے انعام دیا جو ان کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

اے آئی جی غلام رسول زاہد نے کہا کہ اس درسگاہ میں حاصل کی گئی تربیت کا اصل امتحان فیلڈ میں اعلی کاکردگی اور عوامی خدمت میں پوشیدہ ہے۔انہوں نے جوانوں سے کہا کہ عوام کی خدمت کریں جو دراصل انسانیت کی خدمت ہے اور یہ ہر پولیس کے آفیسر اور جوان کی قانونی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سروس ایک طرز زندگی کا نام ہے کیونکہ پولیس آفیسر کے دن رات اسی مقصد میں صرف ہوتے ہیں اور اس میں پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی کا کوئی فرق نہیں رہتا۔

پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول ایس پی عامر خلیل سید نے سپاسنامہ میں کہا کہ نے روات پولیس ٹریننگ سکول 1981میں قائم ہوا اور 24 ہزار کانسٹیبلرز یہاں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر تربیت کانسٹیبلوں کو غصہ کے برداشت کرنے، نفسیاتی مسائل اور جسمانی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جبکہ جوانوں کو جدید فیلڈ آپریشنز اور کمپیوٹر کی تربیت بھی دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت پولیس ٹریننگ سکول میں دو ہزار پھلدار اور سایہ دار پودے لگائے گے ہیں۔دوران تربیت نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کئے گے۔ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے محمد نور ماہی نے تربیت میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ محمد فرحان، ضلع چکوال اور طارق عمر، ضلع خانیوال، نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کیں۔ ضلع اوکاڑہ کے عادل شاہ نے پریڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ضلع جہلم کے محمد آکاش نے شوٹنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔بعدازاں پاس آؤٹ ہونیوالے کانسٹیبلوں نے اسلحہ اور مارشل آرٹ کا مظاہرہ کیا۔