کراچی کے انتہائی ریڈ زون میں پولیس اہلکار کی رشوت لینے کی ویڈیو سامنے آگئی

ہم ادھر کھڑے رہے تو افسر آجائے گا پھر میرے ہاتھ سے بات نکل جائے گی، جلدی سے پیسے دو، کراچی کے انتہائی ریڈزون علاقے میں پولیس اہلکار کی جابن سے موٹر سائیکل سوار سے رشوت طلب ، نوجوان نےخفیہ ویڈیو بنا لی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 14 جون 2021 21:10

کراچی کے انتہائی ریڈ زون میں پولیس اہلکار کی رشوت لینے کی ویڈیو سامنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین، 14جون 2021) ہم ادھر کھڑے رہے تو افسر آجائے گا پھر میرے ہاتھ سے بات نکل جائے گی، جلدی سے پیسے دو، کراچی کے انتہائی ریڈزون علاقے میں پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل سوار سے رشوت طلب کرنے کی خفیہ ویڈیو سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے شاہراہ فیصل کے قریب پولیس اہلکار کی شہری سے رشوت طلب کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

نجی ٹیلی ویژن چینل کےمطابق کراچی کے انتہائی ریڈ زون آواری ٹاور کے قریب پولیس اہلکار نے موٹر سائیکل نوجوانوں سے رشوت طلب کی اس دوران ایک نوجوان نے پولیس اہلکار کی خفیہ ویڈیو بنالی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار نے شہری سے پہلے دو ہزار روپے طلب کیے پھر کہنے لگا کہ پانچ سو روپے سے ایک روپیہ بھی کم نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

نوجوان نے پولیس اہلکار سے کہا کہ ’سر میری گاڑی یہیں کھڑی ہے پیپر لے آتا ہوں؟ جس پر اہلکار نے کہا کہ ہاں تمہارے لیے ہم ادھر کھڑے رہیں گے نا، افسر آجائے گا پھر میرے ہاتھ سے بات نکل جائے گی، موٹر سائیکل تھانے لے جائیں گے۔ویڈیو بنانے والے نوجوان سید مزمل اور بالاچ خان نے بتایا کہ پولیس اہلکار نے پہلے روک کر دو ہزار روپے طلب کیے نہ دینے پر موٹر سائیکل تحویل میں لینے کی دھمکی دی۔

ذرائع کے مطابق نوجوانوں سے رشوت طلب کرنے والا اہلکار طاہر آرٹلری میدان تھانے میں تعینات ہے، پولیس اہلکار کو لڑکوں کی شکایت پر معطل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے رشوت خوری بدستور جاری ہے، جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے پولیس کے شعبے میں بہتری کے تمام دعوے غلط ثابت ہو گئے ہیں۔اس حوالے سے کراچی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس مجرموں کو پکڑنے کے بجائے خود جرم میں مصروف عمل ہے۔ شہریو ںنے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کے شعبے میں اصلاحات کی جائیں اور پولیس کو عام عوام سے رشوت طلب کرنے سے روکا جائے۔