سعودی عرب میں ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات سامنے آ گئیں

اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ نہ رکھنا، حد رفتار کی خلاف ورزی، راہگیروں کو دیکھ کر گاڑی کی رفتار ہلکی نہ کرنا حادثات کا باعث ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 جون 2021 15:56

سعودی عرب میں ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات سامنے آ گئیں
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 جون2021ء) سعودی عرب میں ہر سال سینکڑوں افراد ٹریفک حادثات کے دوران زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں اور ہزاروں شدید یا معمولی زخمی بھی ہوتے ہیں۔ سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شاہراہوں پر ہونے والے ٹریفک حادثات کے پیچھے چند بڑی غلطیاں ایسی ہیں جنہیں لوگوں کی اکثریت دہراتی ہے۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق اگر ان ٹریفک خلاف ورزیوں کا ارتکاب نہ کیا جائے تو حادثات میں بہت زیادہ کمی لائی جا سکتی ہے۔

ایک بڑی غلطی یہ ہے کہ اکثر ڈرائیورز اپنی لین چھوڑ کر دوسری لین میں تیزی سے داخل ہوتے ہیں جس کی وجہ سے پیچھے سے آنے والی گاڑیوں سے تصادم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ لین بدلتے وقت پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کی تسلی کرنا لینا بہتر رہے گا۔

(جاری ہے)

دوسری بڑی غلطی یہ ہے کہ بہت سے ڈرائیورز آگے جاتے گاڑی سے محفوظ فاصلہ نہیں رکھتے۔ اگر اگلی گاڑی کو اچانک ایمرجنسی میں بریک لگانی پڑ جائے تو پچھلی گاڑی سے فاصلہ کم ہونے کی وجہ سے حادثے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

سعودیہ میں حادثات کی سب سے بڑی وجہ حدِ رفتار کی پابندی نہ کرنا ہے۔ تیز رفتاری کا جنون بھی حادثات کا باعث بن جاتا ہے کیونکہ گاڑی ذرا سی بے قابو ہونے پر اُلٹ جاتی ہے یا دیگر گاڑیوں یا سڑک کنارے بارڈر یا ڈیوائیڈر سے ٹکرا جاتی ہے۔ کچھ ڈرائیورز سروس لائن سے شاہراہ پر داخل ہوتے وقت احتیاط نہیں کرتے۔ ان کا یہ وتیرہ اکثر و بیشتر حادثات کی وجہ بن جاتا ہے۔

پھر ایک اور وجہ راہگیروں کا خیال نہ رکھنا ہے۔ سعودیہ میں راہگیروں کے کچلے جانے کے کئی واقعات پیش آتے ہیں۔ جس کی بڑی وجہ غیر ذمہ داری سے سڑک پار کرنا اور بعض ڈرائیورز کی لاپرواہ اور تیز رفتار ڈرائیونگ ہے۔ سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ لوگ سڑک کراس کرنے سے قبل مندرجہ ذیل 6 باتوں کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ ان کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

پہلی احتیاط یہ ہے کہ سڑک پار کرنے کے لیے ایسی مناسب جگہ کا استعمال کیا جائے جہاں ہر طرف سے آنے والی ٹریفک پر نگاہ رکھی جا سکے۔دوسری یہ کہ سڑک اسی وقت پار کی جائے جب گاڑیاں دُور ہوں۔ گاڑی کے قریب ہونے کی صورت میں سڑک پار کرنے سے گریز کیا جائے۔اگر کسی اشارے یا چوک سے سڑک کراس کر رہے ہیں تو اس بات کی تسلی کر لی جائے کہ جہاں سے سڑک پار کرنی ہے وہاں کا اشارہ بند ہونے کی وجہ سے گاڑیاں رُکی ہوئی ہیں۔

سڑک عبور کرتے وقت تیزی سے کام لیا جائے۔ سڑک پر ٹہلنا یا آرام سے پار کرنا محفوظ نہیں ہے۔ اس دوران موبائل فون کا استعمال ہرگز نہیں کرنا چاہیے۔ کیونکہ ایسی صورت میں نظر سڑک اور اس پر سے گزرنے والی ٹریفک سے ہٹ جاتی ہے۔ راہگیر زیبرا کراسنگ قریب ہونے کی صورت میں وہیں سے سڑک کراس کریں یا پھر اوور ہیڈ برج سے یہ کام کیا جائے۔ کسی بچے کو اکیلے سڑک عبور کرنے نہ دی جائے۔ یہ بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔