طلبہ ،اساتذہ کرونا وائرس بارے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کیساتھ کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے پر آمادہ کریں، سردار مسعود خان

منگل 15 جون 2021 16:45

طلبہ ،اساتذہ کرونا وائرس بارے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کیساتھ ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) آزاد جموں و کشمیر کے ماہرین صحت نے سرکاری شعبے میں قائم پانچوں جامعات کے چانسلر اور صدر ریاست کی ہدایت پر کرونا وائرس کی وبا کے حوالے سے بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کرنے اور اس وبا سے بچنے کے لیے پھیلائی جانے والی تو ہمات، خدشات اور غیر سائنسی وسوسوں کے توڑ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی زبردست الفاظ میں ستائش کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اور جامعات کے وائس چانسلر حضرات سے استدعا کی ہے کہ وہ اپنی جامعات میں قائم شعبہ سماجیات کے طلبہ اور اساتذہ کو ہدایت کریں تاکہ وہ کرونا وائرس کے حوالے سے عوام الناس کے اندر شعور و آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے پر آمادہ کریں۔

(جاری ہے)

منگل کے روز ای پی آئی کی پرونشل پروگرام منیجر ڈاکٹر بشریٰ شمس نے آزاد کشمیر کی جامعات کی طرف سے کرونا وائرس کے حوالے سے سیمنارز اور کانفرنسوں کے انعقاد کو نہایت مفید اور بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے جامعات کے چانسلر اور صدر سردار مسعود خان کو مبارکباد دی اور اس بات پر زور دیا کے ہمیں اس سلسلے میں مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے اور یہ کوششیں اس وقت تک جاری رہنی چاہیے جب تک کرونا وائرس کی وبا مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتی یا کم از کم آبادی کے ایک بڑے حصہ کو ہم کرونا وائرس ویکسین لگانے میں کامیاب نہ ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی آبادی زیادہ نہیں ہے اور ہماری یہ کوشش ہونی چاہیے کہ پوری آبادی کو یا آبادی کے ایک بڑے حصے کو ویکسین لگانے کا ہدف جلد از جلد حاصل کر لیں اور اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہو گئے تو یہ ایک بڑی قومی خدمت ہو گی۔ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی میں گزشتہ ماہ کی پانچ تاریخ کو ’’کرونا وبا اور یونیورسٹیز کا کردار‘‘ کے موضوع پر سیمینار ہوا جس میں ریاست جموں و کشمیر کے آزاد اور مقبوضہ حصے کے ماہرین تعلیم اور ماہرین صحت نے شرکت کی۔

اس سیمینار کی زبردست تعریف کرتے ہوئے جامعہ کشمیر کے ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر بشیر الرحمان کنٹھ نے کہا کہ اس سیمینار اور اس کے بعد جامعہ کے اندر ویکسین سنٹر کے قیام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی نے جس ذاتی دلچسپی اور محنت سے کام لیا وہ نہایت قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے قلب میں واقع کرونا ویکسینیشن سنٹر کو چلانے میں جہاں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے طلبہ اور اساتذہ اور ڈاکٹر حضرات نے اہم کردار ادا کیا وہاں یہ سنٹر مظفرآباد شہر کی کمیونٹی کو ان کے گھروں کے قریب ویکسین کی سہولت بغیر کسی مشکل کے مہیا کر کے اہم قومی خدمت انجام دے رہا ہے۔

ممتاز صحافی ا ور روزنامہ دنیا نیوز کے بیورو چیف اسلم میر، مسلم انسٹیٹیوٹ مظفرآباد کے انچارج فیض عالم، سول سوسائٹی آرگنائزیشن گلوبل فرینڈز کے چیف آرگنائزر عبدالقدیر خان نے بھی جامعہ کشمیر کے چانسلر سردار مسعود خان اور وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے عوام الناس اور مظفرآباد کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرونا وائرس کے حوالے سے محکمہ صحت، جامعہ کشمیر کی انتظامیہ اور کرونا وائرس ویکسین سنٹر کے عملہ سے تعاون کریں اور خود بھی ویکسین لگوائیں اور اپنے عزیز و اقارب کو بھی ترغیب دیں۔