سپریم کورٹ ،چار بچوں کی والدہ سے والد کو حوالگی سے متعلق دائر اپیل پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی

بدھ 16 جون 2021 18:26

سپریم کورٹ ،چار بچوں کی والدہ سے والد کو حوالگی سے متعلق دائر اپیل پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) سپریم کورٹ نے چار بچوں کی والدہ سے والد کو حوالگی سے متعلق دائر اپیل پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ۔ عدالت عظمی نے والد سے بچوں کے سابقہ اخراجات سے متعلق اور والدہ سے سکول کی رجسٹریشن کا ثبوت طلب کر لیا ۔ بدھ کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مذکورہ بالا درخواست پر سماعت کی ۔

دوران سماعت وکیل در خواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ خاتون نے دوسری شادی ایسے شخص سے کی جو پہلے سے دو شادیاں کرچکا ہے، تین بیٹیاں عمامہ، عائشہ، رابعہ اور 6 سالہ بیٹے فیضان کو والد سے ملنے ہی نہیں دیا جاتا ہے۔ دوران سماعت عدالتی استفسار پر بچوں نے بتایا کہ وہ والدہ کے ساتھ خوش ہیں اور انہی کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ماں اور باپ دونوں سے ہی پیار کریں دونوں کا بہت برابر اور بڑا درجہ ہے،ماں کا بھی فرض ہے کہ وہ بچوں سے باپ کی محبت نہ چھینے، دوران سماعت درخواست گزار والد نے عدالت کو بتایا کہ بچوں کو والدہ نے جس سکول میں تعلیم کیلئے داخلہ دلوا رکھا ہے وہ رجسٹرڈ نہیں جس سے بچوں کا مستقبل تباہ ہونے کا خدشہ ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ نے درخواست گزار والد سے بچوں کے سابقہ اخراجات سے متعلق اور والدہ سے بچوں کی سکول رجسٹریشن کا ثبوت طلب کر تے ہوئے معاملہ پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ۔