چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام اور کامن ویلتھ اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کے درمیان آن لائن ملاقات ، نوجوانوں کی ترقی اور بااختیار بنانے کے حوالے سےتبادلہ خیال کیا

جمعہ 17 اکتوبر 2025 17:38

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام  اور کامن ویلتھ اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں اورکامن ویلتھ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل پروفیسر لوئس فرانسشی کے درمیان آن لائن ملاقات ہوئی جس میں نوجوانوں کی ترقی اور بااختیار بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں اور کامن ویلتھ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل پروفیسر لوئس فرانسشی کے درمیان ایک اہم آن لائن ملاقات ہوئی جس میں نوجوانوں کی ترقی اور بااختیار بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام اور دولت مشترکہ یوتھ الائنس کے مابین جاری تعاون کو سراہا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین نے یوتھ ڈویلپمنٹ انڈیکس، ای سپورٹس پالیسی اور وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگری کلچر لون سکیم کے جائزے کے حوالے سے جاری تعاون پر گفتگو کی۔ رانا مشہود احمد خاں نے نوجوانوں کی عالمی ترقی میں پاکستان کے مثبت اور موثر کردار کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور کہا کہ کامن ویلتھ کی نئی سیکرٹری جنرل شیرلی بوٹچوی کے آئندہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی پر امید ہیں، یہ دورہ دونوں فریقین کے درمیان نوجوانوں کی ترقی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔

ملاقات میں کامن ویلتھ کے ساتھ مستقبل کے تعاون کے منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملائیشیا میں ہونے والے آئندہ ٹاسک فورس اجلاس میں اس تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔لوئس فرانسشی نے کہا کہ کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس کا قیام پاکستان کا ایک کارنامہ ہے ۔ دونوں فریقین نے عالمی سطح پر نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لئے اپنے تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔