پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کی بڑی کارروائی ،ڈرونز کے ذریعے منشیات سمگل کرنیوالا منظم گروہ گرفتار

جمعہ 17 اکتوبر 2025 16:08

پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کی بڑی کارروائی ،ڈرونز کے ذریعے منشیات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی موثر اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت لاہور ڈویژن میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈرونز کے ذریعے منشیات سمگل کرنے والے منظم گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق کارروائی گزشتہ روز صبح 5بج کر 30منٹ پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جس میں پنجاب سی این ایف کی ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت اور برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی سے منسلک سمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔

کارروائی کے دوران 1.32کلوگرام ہیروئن، 3عدد ڈرونز، 2عدد ایس ایم جیز بمعہ 60رائونڈز، 1عدد پسٹل اور 2عدد بغیر نمبر پلیٹ کے موٹر سائیکلیں (ہونڈا سی جی 125اور ہونڈا سی ڈی 70) برآمد کی گئیں۔

(جاری ہے)

یہ کارروائی کو صوبے میں منشیات کے خلاف جنگ میں ایک بڑی کامیابی ہے۔پنجاب سی این ایف نے کارروائی کے بعد حاصل ہونے والے شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ ڈرونز کے ذریعے منشیات سمگل کرنے والے پورے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

فورس کی ٹیمیں جدید انٹیلی جنس تکنیک کے تحت اس نیٹ ورک کے معاون کرداروں اور مالی معاونین تک پہنچنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔اس سے قبل 15اکتوبر کو رات 9بج کر 30منٹ پر پنجاب سی این ایف نے گوجرانوالہ کی حافظ آباد روڈ پر ایک اور خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے دوران بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا اور ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا۔

برآمد ہونے والی اشیا میں 5.5کلوگرام چرس، 3کلوگرام افیون، 713گرام آئس، 1عدد پسٹل بمعہ 2میگزین، 30بور کے 41کارتوس اور ایک موٹر سائیکل شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق پنجاب سی این ایف کے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔ فورس کا مقصد منشیات کے نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا اور وزیراعلی پنجاب کے وژن منشیات سے پاک پنجاب صحت مند اور محفوظ پنجاب کو عملی جامہ پہنانا ہے۔ پنجاب سی این ایف اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔