Live Updates

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کی ملاقات ، صوبے کی مجموعی صورتحال، نوجوانوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں بارے تبادلہ خیال کیا

جمعہ 17 اکتوبر 2025 17:23

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی جس دوران صوبے کی مجموعی صورتحال، نوجوانوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت میرٹ کے فروغ اور گڈ گورننس کی تشکیل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ "بینظیر بھٹو سکالرشپ پروگرام" صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی منصوبہ ہے جس کے تحت پرائمری سے اعلیٰ تعلیم تک طلبہ کو سکالرشپ فراہم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ کے لیے دنیا کی 200 معیاری جامعات کے دروازے کھول دیے گئے ہیں جبکہ سویلین ،شہدا، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈرز کے لیے بھی خصوصی سکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے ڈائیلاگ کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے، بلا سود قرضہ پروگرام اور “چیف منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ باعزت روزگار پروگرام” نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ فلاحِ عامہ کے کاموں میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی علامت ہے اور قومی ہم آہنگی کے ساتھ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی وژن کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں پیپلزپارٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔\932
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات