زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پنشنرز کو ون ونڈو کے ذریعے سہولیات فراہم کرنے کے لئے جدید ترین پنشنرز سہولت مرکز قائم کر دیا گیا

جس کا افتتاح زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی نے یونیورسٹی کے ٹریژرر عمر سعید قادری کے ہمراہ کیا

بدھ 16 جون 2021 17:53

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پنشنرز کو ون ونڈو کے ذریعے سہولیات فراہم ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پنشنرز کو ون ونڈو کے ذریعے سہولیات فراہم کرنے کے لئے جدید ترین پنشنرز سہولت مرکز قائم کر دیا گیا۔ جس کا افتتاح زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی نے یونیورسٹی کے ٹریژرر عمر سعید قادری کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنشنرز ہمارے ادارے کے لئے باعث فخر اور اثاثہ کی حیثیت رکھتے ہیں جن کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ بروقت پنشن کے حصول اور ریٹائرمنٹ کی دستاویزات کی تیاری سے لے کر تکمیل تک جملہ مراحل کے لئے انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین اپنے ادارے کے ساتھ جذباتی وابستگی رکھتے ہیں اور انہیں توقع ہوتی ہے کہ دوران سروس جس قسم کی عزت و تکریم دی جاتی تھی انہیں اب بھی وہی اہمیت دی جائے۔

(جاری ہے)

لہٰذا سہولت مرکز میں ایسا خوش اخلاق عملہ متعین کیا گیا ہے جو انہیں خندہ پیشانی کے ساتھ نہ صرف خوش آمدید کہے گا بلکہ ان کے تمام مسائل کے فوری حل کے لئے ون ونڈو سہولیات بھی بہم پہنچا سکے گا جس میں رجسٹرار آفس اور دیگر متعلقہ شعبوں کے معاونین بھی شامل ہوں گے۔

زرعی یونیورسٹی کے ٹریژرر عمر سعید قادری نے کہا کہ اس مرکز میں پنشن فارم کی دستیابی، کمیوٹیشن اور پراویڈنٹ فنڈ کے ساتھ ساتھ ان کی گروپ انشورنس سمیت تمام متعلقہ دستاویزات کی تکمیل کے لئے آن لائن پرفارما ترتیب دے دیا گیا ہے جبکہ ریٹائرمنٹ کے لئے درکار تمام مراحل پر رہنمائی کے لئے ایک کتابچہ بھی تیار کیا گیا ہے تاکہ وہ اس سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنے لئے وہ تمام سہولیات حاصل کر سکیں جس کا انہیں استحقاق حاصل ہے۔ سہولت مرکز کے انچارج اکاؤنٹ افسر عاصم راحیل، ایڈمن آفیسر غلام دستگیر اور دیگر افراد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :