قومی اسمبلی ، شہبازشریف نے چوتھے روز بجٹ کے حوالے سے اپنی تقریر مکمل کرلی

اجلاس اڑھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا ،اسپیکر قومی اسمبلی حکومت و اپوزیشن میں مفاہمت میں مصروف رہے

جمعرات 17 جون 2021 19:10

قومی اسمبلی ، شہبازشریف نے چوتھے روز بجٹ کے حوالے سے اپنی تقریر مکمل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بالآخر چوتھے روز بجٹ کے حوالے سے اپنی تقریر مکمل کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس مقررہ وقت سے اڑھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔اسپیکرقومی اسمبلی گزشتہ روز سے اجلاس شروع ہونے تک حکومت و اپوزیشن میں مفاہمت میں مصروف رہے، گزشتہ روز اپوزیشن نے حکومتی وفد سے براہ راست مذاکرات سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد اسپیکر کو مفاہمت کے لئے خود آگے بڑھنا پڑا، اور اسپیکر نے مفاہمت کی غرض سے ہی حکومتی و اپوزیشن کے 7 ارکان پر اجلاس میں لگائی گئی پابندی ہٹائی۔

جس کے بعد بجٹ اجلاس ممکن ہوسکا۔جمعرات کو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنی تقریر مکمل کرتے ہوئے حکومت اور آئندہ مالی سا ل پر شدید تنقید کی ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روز معاملات کو درست سمت کی جانب لے جانے کے لئے حکومت کی طرف سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس کو اپوزیشن سے مذاکرات کرنے اور اسمبلی میں تعاون کے لئے تیار کرنے کا ہدف دیا گیا تھا، ذرائع نے بتایا ہے کہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل ایک مشارورتی اجلاس رکھا، پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت خود وزیراعظم عمران خان نے کرنی تھی تاہم وزیراعظم مصروفیات کے باعث اجلاس میں شرکت نہ کر سکے اور وزیر دفاع پرویز خٹک کو اجلاس کی صدارت کرنا پڑی۔